تبدیلی سے متعلق اطلاعات کی تردید، ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کی وضاحت
حیدرآباد۔/21 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں تعلیمی اداروں کو دسہرہ کی تعطیلات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کی جانب سے آج اس سلسلہ میں وضاحت کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کو دسہرہ کی تعطیلات 26 ستمبر تا 9 اکٹوبر برقرار رہیں گی۔ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کے مطابق تمام سرکاری، خانگی اور امدادی پرائمری، اپرپرائمری اور ہائی اسکولس کیلئے تعلیمی سال 2022-23 کے تحت تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈائرکٹر SCERT شریمتی ایم رادھا ریڈی نے 20 ستمبر کو ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے دسہرہ کی تعطیلات کے سلسلہ میں شیڈول کی تبدیلی کی سفارش کی تھی۔ انہوں نے یکم اکٹوبر تا 9 اکٹوبر تعطیلات دینے کا مشورہ دیا لیکن حکومت نے اس تجویز کو قبول نہیں کیا ہے۔ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن دیواسینانے وضاحت کردی ہے کہ دسہرہ کی تعطیلات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور پہلے سے اعلان کردہ شیڈول برقرار رہے گا۔ جولائی میں موسلا دھار بارش کے نتیجہ میں اسکولوں کو تعطیلات دی گئی تھیں لہذا ایس سی ای آر ٹی نے طلبہ کے تعلیمی کیلنڈر میں تعطیلات کم کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ر