سرسلہ کے انٹر طلبہ میں ٹیابس کی تقسیم ، تعلیمی معیار کو بلند کرنے کا تذکرہ
حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے کہا کہ تعلیم و علم سے بڑی کوئی دولت نہیں ۔ تلنگانہ حکومت تعلیمی میعار کو بلند کرنے کئی اقدامات کررہی ہے۔ طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اُبھارنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔’ اپنا گاؤں۔ اپنا اسکول ‘ پروگرام کے تحت سرکاری اسکولس کی مرمت کرکے بنیادی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ سرسلہ میں گفٹ اسمائیل پروگرام کے تحت طلبہ میں کے ٹی آر نے ٹیابس تقسیم کئے اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر متوقع طور پر بڑے پیمانے پر تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ وعدہ کے مطابق انجینئرنگ کالجس قائم کئے گئے ہیں اور ریاست کے ہر ضلع میں ایک گورنمنٹ میڈیکل کالج قائم کیا جارہا ہے۔ بہت جلد ضلع سرسلہ میں بھی ایک میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گفٹ اسمائیل پروگرام کے تحت ضلع سرسلہ کو 6 ایمبولینس فراہم کی گئی ہیں۔ اس طرح ساری ریاست میں 120 ایمبولینس فراہم کئے گئے ہیں۔ معذورین میں 12سو ٹرائی موٹر سیکل فراہم کئے گئے ۔ فی الحال غریب طلبہ میں ٹیابس تقسیم کئے جارہے ہیں۔ ضلع راجننہ سرسلہ کے 6 ہزار انٹر طلبہ میں ٹیابس تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔ ن
تلنگانہ کے فنڈز سے ملک کی ترقی : کے ٹی آر
حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر نے بی جے پی رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر لکشمن پر تنقید کرتے ہوئے تلنگانہ کے فنڈز سے مرکز فلاحی اسکیمات متعارف کرانے و دیگر ریاستوں کو مالی امداد دینے کا دعویٰ کیا ۔ ڈاکٹر لکشمن نے مرکز کے فنڈز سے تلنگانہ کی حکومت چلنے کا دعویٰ کیا جس پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ڈاکٹر لکشمن کوئی بھی ریمارکس کرنے سے پہلے اعداد و شمار کا جائزہ لے لیں اس بعد لب کشائی کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر لکشمن جس ریاست کی راجیہ سبھا میں نمائندگی کرتے ہیں وہاں اُتر پردیش کی ترقی میں تلنگانہ کے فنڈز استعمال ہورہے ہیں۔ یہی نہیں ریاست تلنگانہ ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کررہی ہے۔ بی جے پی کے قائدین عہدے ملنے پر خوش فہمی کا شکار ہوتے ہوئے گمراہ ہورہے ہیں مگر وہ ہرگز تلنگانہ کے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ ن