ضیا الدین نیر اور محمد لطیف خاں کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ہماری نوجوان نسل کو قرآن اور سنت رسول ﷺ سے جوڑنا سیرت النبیؐ سے واقف کروانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کیوں کہ ہم اپنے نبی کریم ﷺ کی سیرت مبارکہ پر عمل کرتے ہوئے ہی دین و دنیا میں سرخرو ہوسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد لطیف خاں صدر نشین ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی اور جناب محمد ضیا الدین نیر صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جناب انور احمد منیجنگ ڈائرکٹر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی بھی موجود تھے ۔ جناب محمد ضیا الدین نیر اور جناب محمد لطیف خاں نے جنہیں تعمیر ملت کے 73 ویں جلسے رحمتہ للعالمینؐ و یوم صحابہؓ کا صدر استقبالیہ مقرر کیا گیا ہے ۔ جلسوں کے بارے میں میڈیا کو واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ 9 اور 10 اکٹوبر 2022 مطابق 12 ، 13 ربیع الاول 1444 ھ کو جلسہ یوم رحمتہ للعالمینؐ و یوم صابہؓ ، نمائش میدان نامپلی میں بالترتیب صبح 10 بجے اور رات 8 بجے منعقد ہوں گے ۔ 12 ربیع الاول کو جلسہ رحمتہ للعالمینؐ میں مولانا صلاح الدین سیفی نقشبندی مجددی (گجرات ) خلیفہ حضرت پیر ذوالفقار نقشبندی مجددی ، سری سوامی لکشمی شنکر آچاریہ ( ناگپور ) بانی ہندو مسلم جن یکتا منچ ، جناب عبدالودو ساجد (دہلی ) ایڈیٹر روزنامہ انقلاب مہمان مقررین ہوں گے ۔ جب کہ مقامی مقررین میں مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ ، مولانامفتی عمر عابدین قاسمی مدنی شامل ہیں ۔ جب کہ 13 ربیع الاول 10 اکٹوبر کو شام 8 بجے جلسہ یوم صحابہؓ منعقد ہوگا ۔ جس سے مولانا صلاح الدین سیفی نقشبندی مجددی ، جناب عبدالودود ساجد ، مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ، مولانا مفتی محمد نئیر اعظم اشرفی خطاب کریں گے ۔ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت محمد ضیا الدین نیر جلسوں کی نگرانی کریں گے ۔ جناب محمد لطیف خاں نے بتایا کہ ان مقدس جلسوں کا صدر استقبالیہ بنایا جانا ان کے لیے ایک اعزاز ہے ۔ بحیثیت صدر استقبالیہ انہوں نے ان مقابلوں کو وسعت دیتے ہوئے کبڈی ، والی بال ، شوٹنگ ، فٹبال ، کرکٹ ، آرم ریسلنگ اور کراٹے کے مقابلے شامل کئے ۔ بڑے پیمانے پر مقابلہ قرات کا اہتمام بھی کیا گیا ۔ نئی نسل کو ٹکنالوجی اور عصری ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کوڈنگ اور روبوٹکس کے مقابلوں کو بھی اس میں شامل کیا گیا ۔ اس کا مقصد ہماری نئی نسل کو ان کے ذوق کے مطابق آگے بڑھانا ہے ان کی مخفی صلاحیتوں کو مثبت شکل دینا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں جناب ضیا الدین نیر نے کہا کہ اگر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی تعاون کرتی ہے تو تعمیر ملت نونہالان ملت کے لیے کوڈنگ اور روبوٹکس کوچنگ کے مراکز قائم کرے گی ۔۔