نئی دہلی، 18 نومبر (ایجنسیز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کے انتخابی ریکارڈ سے متعلق ایک تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مہاراشٹرا، ہریانہ اور جموں و کشمیر کے تقریباً 200 اسمبلی انتخابی حلقوں میں شام 5 بجے کے بعد ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد سے متعلق داخلی ریکارڈ دستیاب نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق انتخابی عمل میں شفافیت اور ووٹنگ کے حتمی اعداد و شمار کی صحت کے حوالے سے یہ صورتحال کئی سوالات پیدا کرتی ہے۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ شام 5 بجے کے بعد اکثر چھوٹی سیاسی جماعتوں کے پولنگ ایجنٹس پولنگ مراکز سے روانہ ہو جاتے ہیں، جس کے بعد غیر مجاز یا فرضی ووٹنگ کے امکانات کے بارے میں خدشات پیدا ہوتے ہیں۔ تحقیق میں فارم 17A کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی ہے، جس میں ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ بوتھ پہنچنے والے ہر ووٹر کا اندراج کیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس فارم میں درج ووٹروں کی تعداد اور الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ حتمی پولنگ اعداد و شمار میں مطابقت ضروری ہے۔ رپورٹ میں الیکشن کمیشن کی شفافیت سے متعلق رویے پر بھی تنقید کی گئی ہے۔
بالخصوص انتخابی عمل کی ویڈیو ریکارڈنگ جاری کرنے کے مطالبات پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے سابقہ بیان کا حوالہ دیا گیا ہے۔ سْمیدھا متل اور وینکٹیش نائک کی تیار کردہ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق جن حلقوں میں کامیابی اور ناکامی کا فرق ایک فیصد سے بھی کم رہا، وہاں ووٹنگ کے حتمی اعداد و شمار کی مکمل تصدیق نہ ہو پانا انتخابی عمل کی شفافیت اور ساکھ کے بارے میں سنجیدہ سوالات کھڑے کرتا ہے۔