تلنگانہ آئی سیٹ نتائج کا اعلان ، 92 فیصد طلباء کامیاب

   

حیدرآباد /14 جون ( این ایس ایس ) تلنگانہ اسٹیٹ آئی سیٹ 2019 کے نتائج کا جمعہ کو اعلان کردیا گیا ۔ جس کے مطابق حیدرآباد کے تین طلباء نے 92.01 فیصد کامیاب طلباء نے تین سر فہرست رینکس حاصل کرلیا ۔ تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلی تعلیم ( ٹی ایس سی ایچ ای ) کے صدرنشین پاپی ریڈی نے آئی سیٹ 2019 کے نتائج کا کنوینر اور کاکتیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اچاریہ آر سائنا اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ورنگل میں اعلان کیا ۔ ریاست کی مختلف یونیورسٹیوں میں ایم بی اے اور ایم سی اے کورسیس میں داخلوں کیلئے یہ امتحانات منعقد کئے جاتے ہیں ۔ ملکاجگیری کے ہانش نے پہلا ، این سوریہ اُجول نے دوسرا اور تلک نگر کے پردیومنا ریڈی نے تیسرا مقام حاصل کیا ۔ سرکردہ 20 رینکس میں چار مسلم طلباء شامل ہیں ۔ شیخ نصیر 13 ویں ، محمد ندیم خان کریم نگر 17 ویں ، محمد عامر سہیل منگاپیٹ ملگ ( ورنگل ) 18 ویں رینک ، شیخ حسین (سوریہ پیٹ ) 19 ویں رینک پر رہے ۔ آئی سیٹ 2019 کیلئے 49465 درخواستیں داخل کی گئی تھیں ۔ جن میں سے 44561 طلباء و طالبات نے امتحان لکھا تھا ۔ 41002 کامیاب رہے ۔ کامیابی کا تناسب 92 فیصد رہا ۔ اس موقع پر رجسٹرار کے پرشوتم کنوینر راجیشم موجود تھے ۔