تلنگانہ اسمبلی اور کونسل کا 9 ڈسمبر سے سرمائی اجلاس

   

حیدرآباد۔/4 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے 9 ڈسمبر سے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کا اجلاس طلب کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اعلامیہ جاری کیا گیا۔ قانون ساز اسمبلی کا چوتھا سیشن اور قانون ساز کونسل کا 22 واں سیشن 9 ڈسمبر کو صبح 10:30 بجے شروع ہوگا۔ تلنگانہ میں ریونت ریڈی حکومت کے ایک سال کی تکمیل کے بعد اسمبلی اور کونسل کا یہ پہلا اجلاس رہے گا۔ حکومت کا ایک سال 7 ڈسمبر کو مکمل ہوگا اور حکومت کی جانب سے ریاست گیر سطح پر مختلف پروگرامس منعقد کرتے ہوئے حکومت کے کارناموں کو اجاگر کیا جارہا ہے۔ سرمائی اجلاس حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر مباحث کا مرکز بن سکتا ہے اور بی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے ایک سال میں وعدوں کی عدم تکمیل اور دیگر مسائل کو پیش کیا جاسکتا ہے۔ نئی حکومت کے قیام کے بعد سے سابق چیف منسٹر کے سی آر نے محض ایک دن رسمی طور پر اسمبلی اجلاس میں شرکت کی تھی۔ دیکھنا یہ ہے کہ اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں کیا قائد اپوزیشن کے طور پر کے سی آر شریک ہوں گے۔ بی آر ایس اور بی جے پی نے حکومت کو گھیرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔1