تلنگانہ اسمبلی و کونسل کے بجٹ سیشن کا کل آغاز

,

   

اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی ،عبوری صدرنشین کونسل سید امین الحسن جعفری کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 5 مارچ (سیاست نیوز) ریاست میں 7 مارچ سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس کے انتظامات کا اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی عبوری صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل سید امین الحسن جعفری نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا ۔ اس اجلاس میں گورنمنٹ چیف وہپ ڈی ونئے کمار سکریٹری اسمبلی ڈاکٹر وی نرسمہا چاریلو کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ 7 مارچ سے اسمبلی اور کونسل کے بجٹ سیشن کا آغاز ہورہا ہے۔ گذشتہ اسمبلی کا اجلاس بہتر انداز میں چلانے میں تعاون کرنے والے عہدیداروں سے انہوں نے اظہارتشکر کیا۔ اس بجٹ سیشن کیلئے بھی مکمل تعاون و اشتراک فراہم کرنے کی عہدیداروں سے خواہش کی۔ ارکان کی جانب سے ایوان میں پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات تیار رکھنے پر زور دیا۔ گذشتہ اسمبلی و کونسل اجلاس کے جو زیرالتواء سوالات ہیں، اس کے فوری جوابات روانہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ کورونا وباء کا اثر ریاست میں کم ہوگیا ہے۔ باوجود اس کے تمام احتیاطی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کو اسمبلی کے احاطہ میں کورونا ٹسٹنگ سنٹر قائم کرنے کی ہدایت دی۔ اسمبلی اور کونسل کے اجلاس کے دوران سیکوریٹی کے معقول انتظامات کرنے کی محکمہ پولیس کو ہدایت دی۔ اجلاس میں چیف سکریٹری سومیش کمار اسپیشل چیف سکریٹری فینانس راما کرشناراؤ، اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق اروند کمار ڈی جی پی مہیندر ریڈی تینوں پولیس کمشنریٹس کے کمشنرس اور دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی۔ن