تلنگانہ اور آندھراپردیش کی 6 راجیہ سبھا نشستوں کیلئے اعلامیہ جاری

   

15 فروری پرچہ نامزدگی کی آخری تاریخ ، کانگریس اور بی آر ایس میں کئی دعویدار
حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری(سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے 15 ریاستوں کی 56 راجیہ سبھا نشستوں کے انتخابات کیلئے نوٹفیکیشن جاری کردیا ہے اور پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگیا ۔ 56 نشستوں میں تلنگانہ کی 3 اور آندھراپردیش کی 3 نشستیں شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق 15 فروری تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں۔ پرچہ جات کی جانچ 16 فروری کو ہوگی اور 20 فروری تک نام واپس لینے کی گنجائش رہے گی۔ ضرورت پڑنے پر 27 فروری کو صبح 9 تا شام 4 بجے رائے دہی ہوگی اور اسی دن شام 5 بجے رائے شماری اور نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا ۔ 29 فروری سے قبل انتخابی مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا۔ تلنگانہ میں بی آر ایس کے ارکان جے سنتوش کمار ، بی لنگیا یادو اور پی روی چندرا کی میعاد 2 اپریل کو ختم ہورہی ہے ۔ میعاد کی تکمیل سے قبل نئے ارکان کا انتخاب مکمل کرلیا جائے گا۔ آندھراپردیش میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے تین امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے اور عددی طاقت کے اعتبار سے تینوں نشستوں پر وائی ایس آر کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ تلنگانہ اسمبلی میں عددی طاقت کے اعتبار سے کانگریس کو دو اور بی آر ایس کو ایک نشست پر کامیابی مل سکتی ہے۔ دونوں پارٹیوں نے ابھی تک اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی نے راجیہ سبھا امیدوار کے انتخاب کا اختیار ہائی کمان پر چھوڑ دیا ہے ۔ کانگریس کے بعض قائدین پارٹی کی جانب سے تین امیدوار کھڑا کرنے کی سفارش کر رہے ہیں تاکہ بی آر ایس سے منحرف ارکان کی تائید حاصل کرتے ہوئے تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل کی جاسکے۔ کانگریس ہائی کمان فوری طور پر بی آر ایس میں انحراف کی حوصلہ افزائی کیلئے تیار نہیں ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 14 فروری تک کانگریس امیدواروں کا اعلان کردیا جائے گا۔ دوسری طرف صدر بی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی کے واحد امیدوار کے انتخاب کے مسئلہ پر سینئر قائدین سے مشاورت کی ہے۔ کل دونوں پارٹیوں میں راجیہ سبھا نشست کیلئے کئی دعویدار ہیں۔ 1