تلنگانہ اور اے پی میں پرینکا گاندھی کے عام جلسوں کا منصوبہ

   

انتخابی مہم کی کمان پرینکا سنبھالیں گی، تلگو ریاستوں میں اقتدار کے حصول کا ایکشن پلان

حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست نیوز) کرناٹک میں کانگریس کی انتخابی کامیابی میں پرینکا گاندھی کے اہم رول کو دیکھتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی ذمہ داری پرینکا گاندھی کو سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرناٹک میں اگرچہ سونیا گاندھی ، راہول گاندھی اور صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے بھی انتخابی مہم چلائی تھی لیکن پرینکا گاندھی کی مہم کافی اثر انداز ثابت ہوئی اور ان کی عوام کے دلوں کو چھولینے والی تقاریر نے کانگریس کو 35 سال بعد دوبارہ شاندار کامیابی سے ہمکنار کیا۔ پرینکا گاندھی کی عوامی مقبولیت اور قائدین کو متحد رکھنے کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ہائی کمان نے تلگو ریاستوں میں کانگریس کے استحکام کیلئے پرینکا گاندھی کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پرینکا گاندھی وقفہ وقفہ سے دونوں تلگو ریاستوں کا دورہ کریں گی اور انتخابات سے قبل وہ 12 سے زائد عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے حق میں راہ ہموار کریں گی۔ کرناٹک کی انتخابی مہم کے فوری بعد پرینکا گاندھی نے حیدرآباد کے سرور نگر میں یوتھ ڈیکلریشن جاری کرتے ہوئے نوجوانوں اور بیروزگاروں کو کانگریس سے قریب کرنے کی کوشش کی تھی۔ پرینکا گاندھی کا یہ دورہ کافی اثر انداز ثابت ہوا اور کرناٹک میں کامیابی کے بعد تلگو ریاستوں کے پارٹی کیڈر کا حوصلہ بلند ہوا ہے۔ پارٹی قائدین کا احساس ہے کہ کرناٹک کی کامیابی میں پرینکا گاندھی کا اہم رول ہے اور اگر تلگو ریاستوں کی ذمہ داری انہیں دی جائے تو اقتدار میں واپسی ممکن ہے۔ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات جاریہ سال کے اواخر میں مقرر ہیں جبکہ آندھرا پردیش میں الیکشن لوک سبھا چناؤ کے ساتھ آئندہ سال کے اوائل میں ہوگا۔ کانگریس ہائی کمان پرینکا گاندھی کے جلسوں کے ذریعہ تلگو ریاستوں میں اقتدار تک پہنچنے کی راہ ہموار کرنا چاہتا ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے حال ہی میں نئی دہلی میں پرینکا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کی انتخابی مہم کے ایکشن پلان پر بات چیت کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی نے پرینکا گاندھی کو مشورہ دیا کہ وہ الیکشن سے قبل تلنگانہ کو زیادہ وقت الاٹ کریں تاکہ 10 سال کے عرصہ کے بعد علحدہ تلنگانہ تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی برسراقتدار آسکے۔ پرینکا گاندھی نے ریونت ریڈی کو ہدایت دی تھی کہ مختلف طبقات کے علحدہ جلسے منعقد کئے جائیں تاکہ ہر طبقہ کی تائید کے حصول میں سہولت ہو۔ پرینکا گاندھی نے پارٹی کے سینئر قائدین کو اختلافات ختم کرتے ہوئے کرناٹک کی طرح متحدہ مقابلہ کی ہدایت دی ہے۔ر