تلنگانہ حج کمیٹی کیلئے ایک کروڑ 42 لاکھ روپئے کی منظوری

   

حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست نیوز) حکومت نے تلنگانہ حج کمیٹی کیلئے ایک کروڑ 42 لاکھ 29 ہزار روپئے کا بجٹ منظور کیا ہے۔ پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے جی اوآر ٹی 59 جاری کیا جس کے تحت تلنگانہ حج کمیٹی کو امداد کی اسکیم کے تحت یہ رقم منظور کی گئی۔ اسکیم کے تحت جاریہ سال بجٹ میں ایک کروڑ 42 لاکھ 29 ہزار روپئے مختص کئے گئے تھے اور حکومت نے مکمل رقم کی منظوری کے احکامات جاری کئے ہیں۔ یہ رقم حج کمیٹی کے 13 مستقل ملازمین کی تنخواہوں اور صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی کی تنخواہ اور الاؤنسیس پر خرچ کی جائے گی۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو رقم کی اجرائی کا مجاز قراردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ہیڈ آف اکاؤنٹ میں تبدیلی کے نتیجہ میں حج کمیٹی کے ملازمین کو تاحال اپریل کی تنخواہ جاری نہیں کی گئی تھی۔ اب جبکہ حکومت نے رقم منظور کی ہے، ملازمین کی تنخواہیں جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔ اسی دوران محکمہ اقلیتی بہبود میں سنگاریڈی کے حج ہاوز کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپئے کی اجرائی سے متعلق فائیل زیر التواء ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے حج ہاوز کیلئے رقم کی اجرائی سے انکار کیا تھا جس کے بعد دوبارہ یہ فائیل روانہ کی گئی۔ واضح رہے کہ سنگاریڈی میں حج ہاوز کے سنگ بنیاد کے موقع پر صدر نشین محمد سلیم نے ایک کروڑ روپئے کی حج کمیٹی سے اعانت کا اعلان کیا تھا ۔ کمیٹی میں منظوری کے باوجود محکمہ اقلیتی بہبود نے فائل روک دی ۔ر