مادھا پور میں گلوبل راونڈ ٹیبل کانفرنس ، کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں دھان کی پیداوار میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ مرکزی حکومت تلنگانہ سے دھان خریدنے سے انکار کررہی ہے ۔ جس کی وجہ سے حکومت متبادل کاشت کی تیاری کے لیے کسانوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ حیدرآباد کے مادھا پور میں منعقدہ ویج آئیل ، آئیل سیڈ شعبہ پر گلوبل راونڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر وزیر زراعت نرنجن ریڈی بھی موجود تھے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ فوڈ پروسیسنگ یونٹس کے قیام پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے سرمایہ داروں کو آئیل کی پیداوار کے لیے سرمایہ کاری کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے لیے حیدرآباد ویکسین کے مرکز میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ لائف سائنسیس کے شعبہ میں شہر حیدرآباد تیزی سے ترقی کررہا ہے ۔ دنیا کی مشہور کمپنیوں اور کارپوریٹ اداروں نے حیدرآباد میں اپنے اپنے دفاتر قائم کرلیے ہیں ۔ تلنگانہ حکومت کی متعارف کردہ صنعتی پالیسی ٹی ایس ۔ آئی پاس سے کمپنیوں کے قیام میں بڑی سہولت فراہم ہوگئی ہے ۔ ملک میں کسی بھی ریاست میں اس طرح کی سہولت نہیں ہے ۔ کمپنیوں کے قیام کے لیے درخواست داخل کرنے کے اندرون 15 یوم حکومت کی جانب سے منظوری دی جارہی ہے ۔ امیزان کمپنی کے کیمپس کے قیام کے لیے صرف 11 دن میں تمام اقسام کی منظوریاں دی گئی ہیں ۔ انہوں نے کالیشورم کو دنیا کا سب سے بڑا لفٹ اریگیشن پراجکٹ قرار دیا اور کہا کہ 8 سال کے دوران تلنگانہ میں گرین کوور میں 24 فیصد کی توسیع ہوئی ہے ۔۔ ن