تلنگانہ رائے دہندوں کی جملہ تعداد تین کروڑ تک پہونچ گئی

   

71 فیصد نوجوان اور خواتین ووٹرس ، 5 سال میں 19 لاکھ ووٹرس کا اضافہ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ میں جملہ رائے دہندوں کی تعداد 3 کروڑ تک پہونچ گئی ہے ۔ گذشتہ 5 سال کے دوران 19 لاکھ ووٹرس کا اضافہ ہوا ہے ۔ گذشتہ عام انتخابات سال 2018 تک ریاست میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد 2.8 کروڑ تھی ۔ جنوری 2023 میں یہ بڑھ کر 2.99 کروڑ ہوجانے کا الیکشن کمیشن نے اعلان کیا تھا ۔ واضح رہے کہ جملہ رائے دہندوں میں 71 فیصد یعنی 2.12 کروڑ رائے دہندے خواتین اور نوجوانوں پر مشتمل ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق جملہ ووٹرس میں 18 تا 19 سال عمر کے 2.78 لاکھ ہیں ۔ گذشتہ جنوری میں اعلان کردہ قطعی فہرست رائے دہندگان سے مختلف وجوہات کے باعث 2.72 لاکھ رائے دہندوں کے نام حذف کردئیے گئے ۔ 6.84 لاکھ نئے ناموں کا اندراج کیا گیا ہے ۔ ریاست میں جملہ 34,891 پولنگ اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ اکٹوبر 2023 میں اعلان کی جانے والی قطعی فہرست رائے دہندگان کے تحت انتخابات کرائے جانے کے امکانات ہیں ۔ ریاست کے عوام کو مجوزہ اسمبلی انتخابات میں حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کا ایک اور موقع حاصل ہورہا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان میں نام کا اندراج نہ کرانے اور فہرست میں موجود ناموں کو دوسرے مقامات پر منتقل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔ 21 اگست تا 19 ستمبر تک فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی سہولت دی ہے ۔ 28 ستمبر سے اعتراضات اور درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا اور 4 اکٹوبر کو فہرست رائے دہندگان کی قطعی فہرست جاری کی جائے گی ۔ یکم اکٹوبر کو 18 سال عمر مکمل کرنے والوں کو ووٹر لسٹ میں ناموں کا اندراج کرانے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔۔ ن