حیدرآباد۔ تلنگانہ کے وزیر افزائش مویشیاں ٹی سرینواس یادو نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کے ساتھ سوتیلا سلوک کررہی ہے اور ریاست کو بروقت ادویات کی سپلائی نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی تارک راماراوکی ہدایت پر ریاست میں کوویڈ کی صورتحال پر ٹاسک فورس کمیٹیاں معمول کے مطابق نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ این جی اوز کے ساتھ تال میل کے ساتھ کام کیاجارہا ہے ۔مرکز کو چاہئے کہ وہ ریاست کو مناسب ادویات سپلائی کرے ۔سرینواس یادو نے کسی بھی پارٹی یا فرد کا نام لئے بغیر کہا کہ بعض افراد اس وبا کے درمیان گندی سیاست کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وزیر نے اپوزیشن سے تعاون کی خواہش کی اور کہا کہ اگر اپوزیشن تعاون نہیں کرسکتی تو وہ معمول کی بنیاد پر منفی باتیں کرنے کے بجائے گھروں تک محدود رہے ۔