تلنگانہ عازمین حج کے پہلے قافلہ کی جدہ روانگی

,

   

حج ہاوز میں روح پرور مناظر، مفتی خلیل احمد کا خطاب، وزیر داخلہ محمود علی، محمد سلیم اور دوسروں نے جھنڈی دکھائی

حیدرآباد۔/7 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ عازمین حج کا پہلا قافلہ تلبیہ کی گونج میں شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ سے جدہ کیلئے روانہ ہوا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے حج ہاوز نامپلی میں حج کیمپ سے فجر کے وقت عازمین حج کو آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ ایر پورٹ روانہ کیا گیا۔ اس موقع پر حج ہاوز میں روح پرور مناظر دیکھے گئے۔ تلبیہ کی گونج میں عازمین نے اپنے دوست احباب اور رشتہ داروں سے جذباتی ملاقات کرتے ہوئے وداع لی۔ عازمین کو وداع کرنے کیلئے دوست احباب اور رشتہ داروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے رات بھر عازمین حج کے ضروری امور کی تکمیل کی نگرانی کی اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد عازمین کو ایر پورٹ روانہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی اور صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم نے عازمین حج کی بسوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ اس موقع پرحکومت کے مشیر برائے اقلیتی بہبود اے کے خاں، صدرنشین اقلیتی کمیشن طارق انصاری، صدرنشین وقف بورڈ مسیح اللہ خاں، صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اسحاق امتیاز، مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ، ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ، ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون ایم وینکٹیشورلو، اے سی پی عابڈز پورنا چندر، حج کمیٹی کے ارکان غلام احمد حسین، شیخ حمید پٹیل، جعفر خاں، سید نظام الدین، عرفان الحق، عاصمہ سلطانہ اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف موجود تھے۔ حج کیمپ میں عازمین حج کو احرام باندھنے میں والینٹرس نے رہنمائی کی۔ عازمین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محمود علی نے تلنگانہ کی ترقی اور امن و امان کیلئے خصوصی دعا کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر عازمین حج کیلئے موثر انتظامات کی ہدایت دے چکے ہیں۔ مولانا مفتی خلیل احمد نے مناسک حج و عمرہ بیان کئے اور عازمین کو تلقین کی کہ وہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زیادہ تر وقت عبادات اور اذکار و دعاؤں میں گذاریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مقامات دعاؤں کی قبولیت کے ہیں۔ صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ سعودی عرب میں قیام کے دوران فون اور سوشیل میڈیا سے دور رہیں جو عبادات میں اہم رکاوٹ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کی سعودی عرب سے واپسی تک انتظامات پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے ایام حج کے دوران صبر و تحمل سے کام لینے کی تلقین کی اور تلنگانہ ریاست کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کی اپیل کی۔150 عازمین حج پر مشتمل عازمین کے پہلے قافلہ کے ساتھ وستارہ ایر لائنز کی پہلی پرواز صبح مقررہ وقت 10:15 بجے روانہ ہوئی۔ صدرنشین حج کمیٹی اور مختلف کارپوریشنوں کے صدور نشین نے طیارہ تک پہنچ کر عازمین کو وداع کیا اور طیارہ کو جھنڈی دکھائی۔ ایر پورٹ پر انٹر نیشنل ٹرمنل میں عازمین حج کیلئے وضو اور نماز کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔ جی ایم آر ، ایمیگریشن، کسٹمس ، سی آئی ایس ایف اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے عازمین حج کی رہنمائی کی۔ ایمیگریشن کی عاجلانہ تکمیل کے ذریعہ عازمین کو جلد ہی طیارہ میں سوار کیا گیا۔ لگیج کی حج ہاوز میں وصولی سے عازمین کو سہولت ہوئی۔ پہلے قافلہ کے عازمین میں کرناٹک کے بعض عازمین بھی شامل ہیں۔ر