تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا آج ایک روزہ خصوصی اجلاس

   

آنجہانی ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج پیش کیا جائے گا، اسپیکر پرساد کمار نے انتظامات کا جائزہ لیا

حیدرآباد۔/29ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا کل 30 ڈسمبر کو ایک روزہ خصوصی سیشن طلب کیا گیا ہے تاکہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج ادا کیا جائے۔ اسپیکر پرساد کمار نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی تجویز پر اسمبلی اجلاس طلب کیا اور تمام ارکان اسمبلی کو اس کی اطلاع دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس کا ایک نکاتی ایجنڈہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج پیش کرنا رہے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی تعزیتی قرارداد پیش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق صبح 10 بجے سے شروع ہونے والا اجلاس دوپہر تک جاری رہے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کابینی رفقاء سے تجاویز طلب کی ہیں تاکہ سابق وزیر اعظم کو بہتر انداز میں خراج پیش کیا جائے۔ تلنگانہ حکومت منموہن سنگھ کی یاد میں حیدرآباد میں ایک یادگار کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے جس کا اعلان چیف منسٹر ریونت ریڈی کریں گے۔ محض دو دن قبل اسمبلی کے خصوصی اجلاس کی طلبی کا فیصلہ کیا گیا اور اپوزیشن پارٹیوں بی آر ایس، بی جے پی اور مجلس کے ارکان کو سکریٹری لیجسلیچر کی جانب سے مکتوب روانہ کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کی خواہش کی گئی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے دو دن نئی دہلی میں رہے اور بتایا جاتا ہے کہ وہ سابق وزیر اعظم کو خراج پیش کرنے میں دیگر کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں سبقت کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپیکر جی پرساد کمار اور وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو نے اسمبلی میں اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ سرکاری محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو انتظامات کے سلسلہ میں ہدایات دی گئیں۔ سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو نے تیاریوں کے بارے میں واقف کرایا۔ اسپیکر نے کہا کہ ارکان کیلئے انتظامات سے کوئی دشواری نہ ہو اس بات کا خصوصی خیال رکھیں۔ پرساد کمار نے ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کی۔ اسمبلی اور اس کے اطراف سیکوریٹی کے موثر انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔1