نارائن پیٹ میں بی جے پی کو برتری ، بیلم پلی میں بی آر ایس مضبوط ،سیاسی سرگرمیاں عروج پر
حیدرآباد ۔ 14 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج جاری ہونے کے بعد سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں اور کامیاب آزاد امیدوار اپنی پسند کی جماعتوں میں شمولیت اختیارکررہے ہیں ۔ جس سے کئی بلدیات میں طاقت کا توازن بدلنے لگا ہے ۔ اندریشم میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 2 کی کونسلر لاونیا اور اسنا پور کے وارڈ نمبر 10 کے کونسلر راہول ریڈی نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ دوسری جانب نارائن پیٹ کے وارڈ 10 کی آزاد کونسلر جئے شری نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ۔ انہوں نے حیدرآباد میں پارٹی کے ریاستی صدر رامچندر راؤ کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہوگئی ۔ نارائن پیٹ کی 24 نشستوں میں سے بی جے پی نے 11 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی ۔ آزاد امیدوار کی شمولیت کے بعد پارٹی کی تعداد 12 تک پہونچ گئی ۔ جس سے میونسپل چیرپرسن کے انتخاب میں بی جے پی کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے اور ایک ایک ووٹ کی اہمیت بڑھ گئی ہے ۔ اس طرح بیلم پلی میونسپلٹی میں کانگریس کے دو اور بی جے پی کے ایک کونسلر نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ۔ 34 رکنی میونسپلٹی میں کانگریس اور بی آر ایس کے 14-14 نشستیں تھیں جب کہ 5 آزاد اور ایک بی جے پی کا امیدوار کامیاب ہوا تھا ۔ تازہ شمولیت کے بعد بی آر ایس کی تعداد 17 تک پہونچ گئی ہے ۔ جس سے چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخاب میں پارٹی کو واضح بدتری حاصل ہوگئی ہے ۔ واضح رہے کہ متعلقہ بلدیات میں چیرمین اور وائس چیرمین کا انتخاب 16 فروری کو مقرر ہے ۔ جس کے پیش نظر ریاست میں سیاسی جوڑ کی سیاست تیز ہوگئی ہے ۔۔ 2