تلنگانہ میں بی جے پی کو ڈبل ڈیجیٹ نشستوں پر کامیابی : کشن ریڈی

   

آندھرا پردیش میں این ڈی اے حکومت کی تشکیل کادعویٰ
حیدرآباد۔/15 مئی، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر کشن ریڈی نے کہا کہ آندھرا پردیش میں این ڈی اے حکومت کا قیام یقینی ہے اور بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتوں کے حق میں عوام کا رجحان پایا جاتا ہے۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہاکہ وہ آندھرا پردیش کی سیاست کا جائزہ لینے کے بعد این ڈی اے کی کامیابی کا دعویٰ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے لوک سبھا چناؤ میں کامیابی کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سازش کی تھی لیکن عوام نے انہیں سبق سکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کو ڈبل ڈیجیٹ نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ 1

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس اور کانگریس کا متبادل صرف بی جے پی ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی معاشی صورتحال انتہائی ابتر ہے اور ریونت ریڈی حکومت انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ مہا لکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت پر حکومت نے آر ٹی سی کو بقایا جات ادا نہیں کئے۔ غریب لڑکیوں کی شادی پر امداد کے ساتھ ایک تولہ سونا دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن آج تک عمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدوں کے بارے میں چیف منسٹر ریونت ریڈی گمراہ کن بیانات دے رہے ہیں۔1