30 مئی سے قومی سطح پر عوامی رابطہ مہم، اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر مرکزی وزراء کی شرکت
حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقتدار کیلئے بی جے پی نے اپنی سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے۔ قومی سطح پر عوامی رابطہ کی مہم کے تحت بی جے پی تلنگانہ میں 4 بڑے عام جلسوں کے انعقاد کی تیاری کررہی ہے جن میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ، بی جے پی کے صدر جے پی نڈا اور دیگر قومی قائدین شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے 9 سالہ دور حکمرانی کے کارناموں اور مرکزی حکومت کی عوامی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے کیلئے 30 مئی تا 30 جون ایک ماہ طویل جن سمپرک ابھیان شروع کیا جائے گا۔ یکم جون سے 21 جون تک ہر اسمبلی حلقہ میں 3 بڑے جلسہ عام منعقد کئے جائیں گے۔ اسمبلی حلقہ جات کے جلسوں میں مرکزی وزراء شرکت کریں گے۔ 21 جون کو بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقع پر ہر منڈل میں 10 مقامات پر تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ 22 جون کو مرکزی حکومت کی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ 23 جون کو شاما پرساد مکرجی بلیدان دیوس کے موقع پر 10 لاکھ افراد پر مشتمل بوتھ کمیٹیوں کی تشکیل اور اجلاس منعقد ہونگے۔25 جون کو یوم مخالف ایمرجنسی کے موقع پر دانشوروں اور ماہرین تعلیم کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ ایک ہفتہ طویل مہم کے دوران تلنگانہ میں 4 بڑے جلسہ عام منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔ر