تلنگانہ میں سردی کی لہر میں شدت

   

حیدرآباد کے مضافاتی علاقے اور عادل آباد شدید متاثر

حیدرآباد۔15۔ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں سردی کی لہر شدت اختیار کرچکی ہے اور شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ بی ایچ ای ایل‘ یونیورسٹی آف حیدرآباد‘ گچی باؤلی‘ شیرلنگم پلی اور دیگر علاقوں میں گذشتہ شب درجہ حرارت 9.6اور9.7 اور کئی علاقوں میں 10 ڈگری سیلسیس سے کم ریکارڈ کیاگیا ہے جبکہ ریاست تلنگانہ میں سب سے کم درجہ حرارت ضلع عادل آباد کے علاقہ جئے ناڈ اور بھیم پور میں ریکارڈ کیا گیا جہاں 6.3 درجہ حرارت رہا جبکہ ضلع عادل آباد کے علاقوں ٹانڈرا ‘ بھوراج اور پوچارا میں درجہ حرارت 6.4تا6.6 ریکاڈر کیاگیا ہے۔شہر حیدرآباد کے پڑوسی اضلاع رنگاریڈی کے علاقہ شنکر پلی ‘ ضلع میڑچل۔ ملکاجگری کے علاقہ مولا علی اور دیگر مقامات پر 10تا11 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ہے اور شہر حیدرآباد میں بندلہ گوڑہ ‘ راجندر نگر‘ اگریکلچر یونیورسٹی ‘ شمس آباد‘ بندلہ گوڑجاگیر و دیگر علاقوں میں 12تا15ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جبکہ شاد نگر‘ میدک ‘ کاپرا بلدیات میں درجہ حرارت 11تا13ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے آئندہ ایک ہفتہ کے دوران ریاست کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ریکارڈ کی جاسکتی ہے اور شہر حیدرآباد میں سردی کی لہر میں اضافہ ریکارڈ کیاجاسکتا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق جاریہ ہفتہ کے دوران سردی کی لہر میں ہونے والے اضافہ میں آئندہ ہفتہ کمی ریکارڈ کی جائے گی لیکن جاریہ ماہ کے آخری ہفتہ میں سردی کی لہر میں دوبارہ اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور ڈسمبر کے آخری ہفتہ میں شروع ہونے والی سردی کی لہر جنوری کے اوائل میں بھی برقرار رہنے کا امکان ہے اور سردی کی لہر میں بتدریج اضافہ ریکارڈ کیا جاتارہے گا۔3
محکمہ موسمیات کے مطابق عادل آباد کے علاوہ نرمل ‘ وقارآباد‘ جگتیال‘ سنگاریڈی اور میدک کے کئی علاقوں میں 10 ڈگری سیلسیس سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ معمول سے کافی کم ہے جس کے نتیجہ میں سردی کی لہر میں نمایاں اضافہ ہونے لگا ہے۔3