تلنگانہ میں ناخواندہ بالغان کی تعداد پر رپورٹ کی تیاری

   

حیدرآباد ۔ 3 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : حکومت تلنگانہ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر کے ’ ایچ ون ۔ ٹیچ ون ‘ کال کے بعد ریاست میں 18 سال سے زائد عمر کے ناخواندہ اشخاص کی تعداد پر ایک جامع رپورٹ کی تیاری شروع کی ہے ۔ ڈسٹرکٹ کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پلے پرگتی پروگرام کے ریاست بھر میں کل شروع ہوئے دوسرے مرحلہ کے دوران اس کی فہرست تیار کریں ۔ اس پروگرام کا اختتام 10 جنوری کو ہوگا ۔ چہارشنبہ کو کلکٹرس کے ساتھ ایک ٹیلی کانفرنس کے دوران چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ ناخواندہ بالغان کی تعداد سے متعلق معلومات حاصل کیے جائیں اور ’ ایچ ون ۔ ٹیچ ون ‘ پروگرام کے تحت شرح خواندگی میں بھی بہتری لائی جائے ۔ ناخواندہ بالغان میں تعلیم کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ایک خصوصی مہم چلائی جائے گی ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ وہ 10 جنوری کے آخری دن تک انتظار کرنے کے بجائے یہ فہرست روزانہ کی اساس پر داخل کی جائے ۔ ناخواندہ بالغان سے متعلق ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے تمام اضلاع کو ایک پروفارما روانہ کیا گیا ہے ۔۔