چیف پوسٹ ماسٹر جنرل نے افتتاح کیا، ہر سطح پر ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی
حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں پوسٹل خدمات کو عصری بنانے کے لئے ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ نے اڈوانسڈ پوسٹل ٹیکنالوجی پراجکٹ کا آغاز کیا ہے۔ چیف پوسٹ ماسٹر جنرل تلنگانہ سرکل ڈاکٹر پی وی ایس ریڈی نے جوبلی پوسٹ آفس عابڈس میں اڈوانسڈ ٹیکنالوجی کا افتتاح کیا۔ یہ ٹیکنالوجی تلنگانہ کے تمام 5727 پوسٹ آفسوں میں نافذ رہے گی۔ 32 ہیڈ پوسٹ آفس، 689 سب پوسٹ آفس اور 5006 برانچ پوسٹ آفسوں میں عصری خدمات دستیاب رہیں گی۔ اڈوانسڈ پوسٹل ٹیکنالوجی 2.0 پراجکٹ کا مقصد ڈیجیٹل خدمات کو مزید بہتر بنانا ہے۔ کاؤنٹر سرویسس کے علاوہ کسٹمرس کی قیامگاہ پر پوسٹ مین اور گرامین ڈاک سیوک کی خدمات، آن لائن خدمات اور ایجنسی سرویسز میں بہتر آئے گی۔ کاؤنٹر پر یو پی آئی پر مبنی پے منٹ کی سہولت شروع کی گئی ہے۔ کسٹمرس موبائیل اپ ڈیٹ کے ذریعہ اپنی اشیاء کی منتقلی کو ٹریک کرسکتے ہیں۔ بکنگ اور دیگر خدمات کیلئے موبائیل اپلی کیشن کی سہولت رہے گی۔ ای منی آرڈرس کو برانچ پوسٹ آفسوں میں راست طور پر بُک کیا جاسکتا ہے۔ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میل کیلئے ڈاک سیوا پورٹل سے آن لائن بکنگ کی جاسکتی ہے۔ کسٹمرس کی شکایات، رجسٹریشن، پوسٹ آفس لوکیشن، اشیاء کی ٹریکنگ اور دیگر خدمات کیلئے موبائیل چیاٹ باٹ میگھا کا آغاز کیا گیا۔ پوسٹل خدمات کو ڈیجٹلائز کرنے میں نئی ٹیکنالوجی مددگار ثابت ہوگی۔ حکومت ہند کے ڈیجیٹل انڈیا ویژن کے تحت شہری اور دیہی علاقوں میں پوسٹل خدمات کو عصری ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے۔1