تلنگانہ میں کورونا کا خوف ، نائیٹ کرفیو و دیگر تحدیدات کا اندیشہ

,

   

عہدیداروں کی جانب سے حکومت کو رپورٹ پیش ، قطعی فیصلہ چیف منسٹر کے سی آر کریں گے
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں کورونا اور اومی کرون کیسیس میں اچانک اضافہ ہوجانے کے بعد حکومت نائیٹ کرفیو کے علاوہ دوسری تحدیدات عائد کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ محکمہ صحت کے علاوہ دوسرے اعلیٰ عہدیداروں نے ریاست میں کورونا کی تازہ صورتحال پر حکومت کو ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے کورونا پر قابو پانے کے لیے نائیٹ کرفیو کے علاوہ دوسرے تحدیدات عائد کرنے کی سفارش کی ہے ۔ امکان ہے کہ سنکرانتی تہوار کے بعد نائیٹ کرفیو اور دیگر تحدیدات کا اعلان کیا جائے گا ۔ ساتھ ہی روزانہ صورتحال پر بھی نظر رکھی جارہی ہے ۔ حالیہ دنوں میں صورتحال مزید سنگین ہوتی ہے تو سنکرانتی تہوار سے قبل بھی تحدیدات عائد کی جاسکتی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر حالت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور بہت جلد اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے تحدیدات کا فیصلہ کریں گے ۔ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران تلنگانہ میں کورونا کیسیس کی تعداد میں دو ہزار تک اضافہ ہوگیا ہے اور گریٹر حیدرآباد میں کورونا کیسوں کی تعداد 1500 تک پہونچ گئی ہے ۔ کورونا کیسیس میں اضافہ کے باوجود عوام کورونا کے قواعد پر سختی سے عمل آوری نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے تلنگانہ حکومت رات 10 بجے سے صبح 5 یا 6 جے تک نائیٹ کرفیو نافذ کرنے اس کے علاوہ جلسے ، جلوس ، ریالیوں اور عوامی اجتماعات پر عائد پابندی کو توسیع دیتے ہوئے مذہبی اجتماعات پر پابندیاں عائد کرنے شادی بیاہ و دیگر تقاریب ، نماز جنازہ وغیرہ پر عوام کی تعداد کو گھٹانے ، سنیما تھیٹرس میں نصف تعداد کرنے مالس مارکٹس میں عوام کو کنٹرول کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ساتھ ہی بارس ، پبس ، اسکولس اور کالجس میں بھی تحدیدات عائد کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔وزیر صحت ٹی ہریش راؤ کورونا کی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت سے رابطہ میں ہیں اور ملک کی دیگر ریاستوں اور شہروں میں کورونا معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ساتھ ہی ضلع کلکٹرس اور ضلع میڈیکل آفیسرس سے بھی مسلسل تبادلہ خیال کرکے دواخانوں میں عوام کو طبی امداد فراہم کرنے مکمل انتظامات کی ہدایات بھی دے رہے ہیں۔ انہوں نے دواخانوں میں ادویات اور آکسیجن وغیرہ کے وافر ذخائر موجود رکھنے کی بھی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے ۔ ن

تلنگانہ میں کورونا کے 2606 نئے کیس۔ دو اموات
حیدرآباد۔ 8 جنوری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں کورونا وائرس تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور کیسوں کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست میں کورونا کے 2606 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ وائرس کی وجہ سے دو اموات بھی ہوئی ہیں۔ سب سے زیادہ کیس جی ایچ ایم سی حدود میں پائے گئے ۔ گریٹر حیدرآباد سے رپورٹ ہونے والے کیسوں کی تعداد 1583 بتائی گئی ہے ۔ ضلع میڑچل ۔ ملکاجگری سے 292 اور ضلع رنگا ریڈی سے 214 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح ریاست میں اب تک ایکٹیو کیسوں کی تعداد 12,180 ہوگئی ہے ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بھی کورونا کے کیسوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ ورنگل کے کاکتیہ میڈیکل کالج میں 20 طلبا کورونا سے متاثر ہوگئے جس سے دوسرے طلبا اور پروفیسرس میں خوف کی لہر پیدا ہوگئی ہے ۔ میڈیکل کالج انتظامیہ کی جانب سے تمام طلبا اور پروفیسرس کا ٹسٹ کروانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سرحدات پر چیک پوسٹس قائم کرکے تلنگانہ آنے والوں کے معائنے کئے جا رہے ہیں۔ن