دہلی سے واپس 160 افراد کی نشاندہی کی کوششیں جاری،ملے پلی مرکز کے صدر اور8 افراد کی چیسٹ ہاسپٹل کو منتقلی
حیدرآباد۔یکم اپریل، ( پی ٹی آئی؍ سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے کہاہے کہ دہلی میں گذشتہ ماہ منعقدہ تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شرکت کرنے والے 1000 افراد میں شامل ماباقی 160 افراد کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔تلنگانہ میں چہارشنبہ کو کورونا وائرس کے 30 تازہ ترین کیسیس کا پتہ چلا ہے اورـآج مزید تین مریضوں کی موت کے بعد اس وباء سے فوت ہونے والوں کی مجموعی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے۔ریاستی وزیر صحت ایٹلہ راجندر نے کہا کہ 160 کے سواء دیگر تمام 840 افراد کی نشاندہی کی جاچکی ہے جن کے کورونا وائرس معائنے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء اجتماعی طور پر نہیں پھیلی ہے ریاست میں منگل تک صرف 77 کیسیس پائے گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے حکومت کی طرف سے ممکنہ موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایٹلہ راجندر نے کہا کہ وہ ریاست تلنگانہ ہی تھی جس نے دہلی کے علاقہ میں منعقدہ تبلیغی جماعت کے اجتماع سے وباء پھیلنے کے بارے میں مرکزی حکومت کو سب سے پہلے اطلاع دی تھی جس کے سبب ہی یہ علاقہ کورونا وائرس سے بدترین متاثرہ مقام ثابت ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو افراد جن کے کورونا وائرس معائینے مثبت پائے گئے تھے اب صحتیاب ہوگئے ہیں انہیں جلد ڈسچارج کردیا جائے گا۔ ایٹلہ راجندر نے کہا کہ دیگر 10 افراد جن کا کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے طور پرعلاج کیا جارہا تھا ان کے ابتدائی معائینے منفی پائے گئے ہیںانہیںڈسچارج کرنے سے قبل پھر ایک مرتبہ معائینہ کیا جائے گا۔ گھر واپس ہونے والے تمام افراد کو 14 دن تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔سیاست نیوز کے بموجب دہلی تبلیغی جماعت کے مرکز میں گزشتہ ماہ مارچ کے دوران اجتماع میں شرکت کرنے والے افراد کی نشاندہی کرنے کا سلسلہ حیدرآباد میں جاری ہے
اور آج پولیس نے تلنگانہ کے تبلیغی جماعت کے مرکز واقع ملے پلی پہونچ کر جماعت کے 9 ارکان بشمول صدر کو ای ایس آئی ہاسپٹل ایرہ گڈہ منتقل کیا ۔ یہاں کے مرکز کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق میڈیکل محکمہ صحت اور حبیب نگر پولیس کی ٹیموں نے آج صبح 8 بجے ملے پلی مرکز پہونچ کر مرکز کے صدر جناب محمد اکرام علی کے علاوہ دیگر مسعود جنیدی ، عبدالصمد ، مفتی باسالم ، مزمل جنیدی ، مجاہد ، محمد فیروز ، ارشد علی بیگ ، امجد علی خان کو ایمبولینس کے ذریعہ ای ایس آئی ہاسپٹل ایرہ گڈہ منتقل کیا گیا ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ جماعت کے ارکان کا کورونا وائرس ٹسٹ کیا جارہا ہے اورانہیں مقررہ مدت کیلئے کورنٹائین میں رکھا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ دہلی مرکز میں شرکت کے بعد شہر واپس لوٹنے والے 5 معمر افراد کی کورونا وائرس سے موت واقع ہونے کے نتیجہ میں سرکاری مشنری چوکس ہوگئی ہے اور 603 جماعت کے ارکان کی نشاندہی کی ہے جنہوں نے مارچ کے مہینے میں دہلی میں منعقدہ اجتماع میں شرکت کی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج دواخانہ میں منتقل کئے گئے افراد پر عنقریب کوویڈ۔19 کا ٹسٹ کیا جائے گا اور اس کا نتیجہ آنے پر انہیں گھر جانے کی اجازت دی جائے گی ۔ ذرائع نے بتایا کہ انڈونیشیا کے باشندے جنہیں کورونا وائرس ٹسٹ پازیٹیو ثابت ہوا تھا کو کریم نگر سے شہر کے سرکاری ہاسپٹل میں علاج کیلئے رکھا گیا تھا اور وہ صحت مند ہونے پر انہیں ڈسچارج کا اعلان کیا گیا تھا لیکن دواخانہ سے ڈسچارج پر شہر میں رہائش کا مسئلہ ہونے کے نتیجہ میں انہیں کچھ وقفہ کیلئے دواخانہ میں ہی رکھے جانے کی اطلاع ہے۔