تلنگانہ میں کے سی آر کا کھیل ختم اور بی آر ایس کی دکان بند

   

ریونت ریڈی کا دعویٰ، کانگریس کے وعدوں کی نقل کرنے کا الزام، عالم پور ، گدوال اور مکتھل میں جلسوں سے خطاب
حیدرآباد ۔7۔نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں کے سی آر کا کھیل ختم ہوچکا ہے اور بی آر ایس کی دکان بند ہونا یقینی ہے ۔ کانگریس کی انتخابی مہم کے دوسرے دن ریونت ریڈی نے آج متحدہ محبوب نگر ضلع کے عالم پور ، گدوال اور مکتھل میں پارٹی امیدواروں کے جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی تشکیل حکومت کیلئے ضلع کی تمام 14 اسمبلی نشستوں پر کانگریس کی کامیابی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکست کے خوف سے بی آر ایس قائدین دھرانی پورٹل اور زرعی شعبہ کو برقی سربراہی کے مسئلہ پر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال میں حکومت کی ناکامیوں کی پردہ پوشی کیلئے کانگریس کی 6 ضمانتوں کی نقل کرتے ہوئے بی آر ایس نے انتخابی منشور جاری کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ چیف منسٹر نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ، ان پر عمل آوری کا خیال گزشتہ 10 برسوں میں کیوں نہیں آیا۔ کانگریس کی ضمانتوں کی نقل کرتے ہوئے کے سی آر کامیابی کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر کے 10 سالہ ڈکٹیٹرشپ کا خاتمہ کرتے ہوئے عوام کی حقیقی فلاح و بہبود کی کانگریس حکومت تشکیل دیں۔ انہوں نے کہاکہ محبوب نگر سے 2009 ء میں پارلیمنٹ کے لئے منتخب ہونے کے باوجود کے سی آر نے ضلع کی ترقی کو نظر انداز کردیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کہیں یہ بیان نہیں دیا کہ زرعی شعبہ کو صرف تین گھنٹے برقی سربراہ کی جائے گی ۔ مفت برقی سربراہی کا آغاز کانگریس دور حکومت میں ہوا ہے اور گزشتہ 10 برسوں میں کے سی آر حکومت نے کسانوں کو بمشکل 8 گھنٹے برقی سربراہ کی ہے ۔ انہوں نے کے سی آر کو چیلنج کیا کہ کسی بھی سب اسٹیشن کا اچانک دورہ کرتے ہوئے برقی سربراہی کا جائزہ لیں۔ اگر 24 گھنٹے برقی سربراہی ثابت کردی گئی تو کانگریس امیدوار سمپت کمار پرچہ نامزدگی داخل نہیں کریں گے۔ بصورت دیگر بی آر ایس قائدین کو ناک رکڑکر عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ، کے ٹی آر اور ہریش راؤ کانگریس کو شکست دینے کی سازش کر رہے ہیں لیکن عوام نے تبدیلی کے حق میں فیصلہ کرلیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر دھرانی پورٹل کو کالعدم کرتے ہوئے نئی ٹکنالوجی اور عصری سہولتوں کے ساتھ نقائص سے پاک پورٹل تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے پارٹی برسر اقتدار آتے ہی 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں انتخابی وعدوں کی تکمیل کا جائزہ لینے کیلئے ڈی کے شیو کمار نے کے سی آر کو دورہ کی دعوت دی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت 500 روپئے میں گیس سلینڈر سربراہ کرے گی ۔ بے گھر خاندانوں کو مکانات کی تعمیر کے لئے 5 لاکھ روپئے امداد دی جائے گی ۔ رعیتو بندھو کے تحت فی ایکر 15 ہزار روپئے کی مدد کی جائے گی۔ غریب اور مستحق خاندانوں کو ہر ماہ 200 یونٹ برقی مفت سربراہ کی جائے گی۔ اس موقع پر سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار ، کانگریس امیدوار جوپلی کرشنا راؤ اور دیگر قائدین نے مخاطب کیا۔