2 کروڑ سے زائد افراد کو باریک چاول کی تقسیم، ریاستی وزراء کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس
حیدرآباد 30 مئی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائز اتم کمار ریڈی نے اعلان کیاکہ تلنگانہ نے کسانوں سے دھان کی خریدی میں ملک میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ متحدہ آندھراپردیش اور بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں کسانوں سے دھان کی خریدی کے ریکارڈ کو کانگریس حکومت نے ایک سال میں توڑ دیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے متحدہ نلگنڈہ ضلع کے ضلع کلکٹرس کے ساتھ کسانوں سے دھان کی خریدی، اندراماں ہاؤزنگ، بھوبھارتی اور دیگر اسکیمات پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں 46.7 لاکھ ایکر اراضی پر 103.5 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے۔ جاریہ ربیع سیزن میں تقریباً 60 لاکھ ایکر اراضی پر کاشت میں اضافہ ہوا ہے جس کے تحت 130 لاکھ میٹرک ٹن پیداوار کا امکان ہے۔ سابق میں کسی بھی حکومت نے یہ ریکارڈ قائم نہیں کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کے ہر مستحق خاندان کو راشن کارڈ فراہم کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سطح غربت سے نیچے یا خوشحال دونوں گھرانوں کو راشن کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق حکومت نے تقریباً 10 سال تک راشن کارڈ کی اجرائی کو روک دیا تھا جس کے نتیجہ میں کئی مستحق خاندان غذائی اجناس سے محروم رہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس حکومت ناانصافی کو ختم کرتے ہوئے راشن کارڈ جاری کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ راشن کارڈ پر ہر شخص کو 6 کیلو باریک چاول مفت سربراہ کیا جارہا ہے۔ حکومت نے اوپن مارکٹ سے 40 روپئے فی کیلو چاول حاصل کیا جو استفادہ کنندگان میں مفت تقسیم کیا جارہا ہے۔ حکومت نے 2.81 کروڑ افراد کو معیاری چاول کی سربراہی کے لئے 10665 کروڑ خرچ کئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 3 کروڑ استفادہ کنندگان کو چاول کی سربراہی کا امکان ہے۔ تلنگانہ میں کوئی بھی غریب خاندان بھوکا نہیں رہے گا۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ بی آر ایس دور حکومت میں موٹا چاول سربراہ کیا گیا۔ آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کا حوالہ دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ حکومت نے کسانوں کو سیراب کرنے کے لئے تمام زیرالتواء پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سری رام ساگر پراجکٹ کو کانگریس حکومت مکمل کرے گی۔ سابق حکومت نے کالیشورم پراجکٹ میں بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیاں کی ہیں۔ اجلاس میں وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ شریک تھے جنھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کسانوں سے دھان کی خریدی کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ بارش کے نتیجہ میں دھان کو نقصان نہ ہونے پائے۔ اُنھوں نے کہاکہ آئندہ خریف سیزن کی منصوبہ بندی کا ابھی سے آغاز کیا جائے۔ ضلع کلکٹرس کو اِس سلسلہ میں ضروری ہدایات دی گئیں۔ وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی بھی اجلاس میں شریک تھے۔1