حیدرآباد، 20 نومبر (سیاست نیوز): پی آر ایس لیجسلیٹو ریسرچ کی اسٹیٹ آف فنانسز رپورٹ 27-2026 کے مطابق، تلنگانہ نے 22-2021 سے 25-2024 کے درمیان اپنے بجٹ تخمینوں سے 17 فیصد کم خرچ کیا، جبکہ تمام ریاستوں میں اوسط کمی 9 فیصد رہی۔ریاست نے محصولاتی اخراجات میں 20 فیصد کمی درج کی تھی۔ محصولاتی اخراجات سے مراد وہ رقم ہے جو حکومت چلانے اور باقاعدہ خدمات فراہم کرنے پر خرچ کی جاتی ہے۔اس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں، پنشن، قرضوں پر سود کی ادائیگیاں، سبسڈی اور معمول کے انتظامی اخراجات شامل ہیں۔ ایک آزاد اور غیر منافع بخش ادارے پی آر ایس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اخراجات سے عام طور پر مستقل مادی اثاثے نہیں بنتے۔محصولاتی اخراجات میں تلنگانہ کی کمی ملک میں سب سے زیادہ کمیوں میں شامل تھی۔تمام ریاستوں میں اوسط کمی 7 فیصد رہی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست معمول کی سرکاری سرگرمیوں پر اپنے منصوبہ بند اخراجات سے کافی پیچھے رہی۔ تاہم، تلنگانہ نے سرمایہ جاتی اخراجات میں کہیں بہتر کارکردگی دکھائی۔ سرمایہ جاتی اخراجات سے مراد سڑکوں، پلوں، سرکاری عمارتوں، آبپاشی کے منصوبوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے جیسے طویل مدتی اثاثے بنانے پر خرچ ہے۔ ریاست کے سرمایہ جاتی اخراجات بجٹ تخمینوں سے صرف 2 فیصد کم رہے ، جبکہ تمام ریاستوں میں اوسط کمی 17 فیصد تھی۔ان چار برسوں کے دوران ریاست نے بجٹ تخمینوں کے مقابلے میں محصولاتی آمدنی میں 23 فیصد کمی درج کی۔ منی پور (39 فیصد) اور جموں و کشمیر (32 فیصد) کے بعد یہ ریاستوں میں تیسری سب سے بڑی کمی تھی۔ تمام ریاستوں میں اوسط کمی 8 فیصد رہی۔پی آر ایس نے نشاندہی کی کہ 22-2021 سے 25-2024 کے درمیان ریاستوں نے اپنے بجٹ سے اوسطاً 9 فیصد کم خرچ کیا۔1