الیکشن کمیشن کا فیصلہ ، کورونا کی صورتحال میں بہتری کے بعد تاریخ کا اعلان
حیدرآباد: الیکشن کمیشن نے ملک میں کورونا صورتحال کے پیش نظر تلنگانہ اور آندھراپردیش میں کونسل کی جملہ 9 نشستوں کے انتخابات کو ملتوی کردیا ۔ کمیشن کی جانب سے آج یہ اعلان کیا گیا جس میں کہا گیا کہ آندھراپردیش کونسل کی تین اور تلنگانہ کونسل کی 6 نشستوں کی میعاد علی الترتیب 31 مئی اور 3 جون کو ختم ہورہی ہے ۔ کمیشن نے کورونا لہر کے پیش نظر دونوں ریاستوں کی نشستوں کے انتخابات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ۔ صورتحال بہتر ہونے کے بعد میں الیکشن کی تاریخوں کا اعلان کیا جائیگا ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں جن 6 ارکان کی میعاد 3 جون کو ختم ہورہی ہے ، ان میں صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی ، نائب صدر نشین این ودیا ساگر ، سابق ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری، گورنمنٹ چیف وہپ بی وینکٹیشورلو ، محمد فریدالدین اور اے للیتا شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے تین لوک سبھا اور 8 اسمبلی حلقوں کے ضمنی چناؤ کو بھی ملتوی کردیا ۔ کمیشن نے نظام آباد مجالس مقامی کی ایم ایل سی نشست کے الیکشن کو بھی ملتوی کردیا ۔ تلنگانہ میں ایم ایل سی کی جملہ 7 نشستیں خالی ہورہی ہیں۔ 6 نشستیں ایم ایل اے کوٹہ کی ہیں جبکہ ایک نشست گورنر کوٹہ سے خالی ہوگی۔ ایم سرینواس ریڈی جو گورنر کے کوٹہ میں نامزد تھے، ان کی میعاد 17 جون کو ختم ہوگی۔