تلنگانہ کابینہ کا آج اجلاس

   

ریاست میںکورونا وبا،لاک ڈاؤن کے نفاذ پر غور متوقع
حیدرآباد : چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ کی زیر صدارت کل بروز منگل سہ پہر 2بجے پرگتی بھون میں ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ کابینی اجلاس میں ریاست میں کورونا وباء اور مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کیمسئلہ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ریاست میں لاک ڈاؤن کے نفاذ سے متعلق فیصلہ لیا جائے گا ۔ اطلاعات کے مطابق چند ریاستوں میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے باوجود کورونا معاملات میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے جس کے پیش نظرریاست تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کے نفاذ سے متعلق مختلف قیاس آرائیاںکی جارہی ہیں ۔ سماج کے ایک حلقے سے ریاست میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے حق میں تجاویز موصول ہورہی ہیں ۔ ایسے میں ریاستی کابینہ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے ممکنہ نتائج سے متعلق تبادلہ خیال کرے گی اور ساتھ ہی ساتھ لاک ڈاؤن کے نفاذ سے دھان کی خریدی کے جاریہ عمل پر پڑنے والے منفی اثرات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے مناسب فیصلہ لے گی ۔حالیہ عرصہ میں ریاست میں کورونا کے مریضوں کی تعداد اور اموات میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ ہائیکورٹ نے بھی ریاستی حکومت کو اس ضمن میں سخت فیصلہ کرنے اور پابندیاں عائد کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد ریاستی حکومت نے نائٹ کرفیو نافذ کردیا جس پر گذشتہ 15 دن سے زیادہ عرصہ سے عمل جاری ہے ۔ حال ہی میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے نفاذ سے معیشت پر اُس کے منفی اثرات ہوں گے اور انہوں نے تلنگانہ میں لاک ڈاؤن نافذ نہ کرنے کی بات کی تھی ۔