تمام مذاہب کیلئے ترقی کے یکساں مواقع، درگاہ حضرت گیارہ شہیداںؒ پر حاضری
حیدرآباد 24 نومبر (سیاست نیوز) وزیرداخلہ محمد محمود علی نے گجویل کی درگاہ حضرت گیارہ شہیداںؒ پر حاضری دی اور تلنگانہ ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی دعا کی۔ اُنھوں نے چیف منسٹر کے سی آر اور اُن کے افراد خاندان کی درازی عمر اور صحت کے لئے دعا کی۔ وزیرداخلہ نے گجویل کی تنظیم المساجد کی جانب سے مدینہ مسجد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ مقامی مسلمانوں نے وزیرداخلہ کے علاوہ رکن کونسل یادو ریڈی، صدورنشین پرتاپ ریڈی، مسیح اللہ خان، مادھو سینو، زیڈ پی ٹی سی ملیش اور جعفر خاں کو تہنیت پیش کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمود علی نے کہاکہ تلنگانہ حکومت گزشتہ 8 برسوں سے ریاست کو ہر شعبہ میں ترقی کی راہ پر گامزن کرچکی ہے۔ کے سی آر نے گجویل اسمبلی حلقہ کو ترقی یافتہ علاقہ میں تبدیل کردیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گجویل ترقی کے معاملہ میں حیدرآباد کی طرح دکھائی دیتا ہے۔ چیف منسٹر نے اپنی دور اندیشی سے مختلف انوکھی اسکیمات کا آغاز کیا۔ تلنگانہ کا ہر گھر حکومت کی کسی نہ کسی اسکیم سے استفادہ کررہا ہے۔ اُنھوں نے شادی مبارک، رعیتو بندھو، رعیتو بیمہ، اقامتی اسکولس، آسرا پنشن و دیگر اسکیمات کا حوالہ دیا۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ ٹی آر ایس ایک سیکولر پارٹی ہے اور تمام مذاہب کے ساتھ یکساں سلوک پر یقین رکھتی ہے۔ ریاست میں تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔ اِس موقع پر ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین عارف الدین، معید خان، بدرالدین، ستار گلشنی، محمد مسکین اور دوسرے موجود تھے۔ ر