حیدرآباد ۔ یکم اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی کی جانب سے تلنگانہ کو 9 میڈیکل کالجس منظور کرنے کے دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی۔ جھوٹے بیان سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے فوری معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا۔ کے ٹی آر نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ جی کشن ریڈی کے علاوہ مرکزی وزراء اپنی غلطیوں کی نااہلی پر پردہ ڈالنے کیلئے جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی پالیسی پر عمل کررہے ہیں۔ جی کشن ریڈی مرکزی حکومت میں تلنگانہ کے سپوت کی ذمہ داری نبھانے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ اسٹیل فیکٹری کے معاملے میں بھی جی کشن ریڈی نے اس طرح کا غیر ذمہ دارانہ بیان دیا ہے۔ تلنگانہ کے عوام ابھی اسی مایوسی سے باہر نہیں نکل پائے تھے کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کو 9 میڈیکل کالج منظور کرنے کشن ریڈی نے جھوٹا دعویٰ کیا ہے۔ کورونا بحران کے دوران جی کشن ریڈی نے کہا تھا مرکزی حکومت حیدرآباد میں گلوبل سنٹر فار ٹریڈیشن میڈیسن کا سنٹر قائم کرے گی۔ اس کی منظوری بھی دے دی گئی ہے مگر وزیراعظم نریندر مودی نے اس سنٹر کو گجرات منتقل کردیا۔ اس پر جی کشن ریڈی خاموش رہے۔ تقسیم آندھراپردیش کے بل میں تلنگانہ سے جو بھی وعدے کئے گئے ان میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ بحیثیت تلنگانہ کے سپوت مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کے علاوہ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ وعدوں کی عمل آوری کیلئے بی جے پی حکومت پر دباؤ بنانے کے بجائے مرکز کے ہر فیصلے کی تائید و حمایت کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں اور دو گجراتیوں کو خوش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ن