ریاست کے ہر ہاسپٹل کو آکسیجن فراہم کریں، ہوم آئسولیشن میں رہنے والوں کو کٹس فراہم کریں، چیف منسٹر کی ہدایت
حیدرآباد : چیف منسٹر کے سی آر نے محکمہ صحت کو ہدایت دی ہیکہ وہ ملک کے مختلف ہاسپٹلس میں پیش آئے آتشزدنی کے واقعات پر تلنگانہ میں چوکسی اختیار کریں۔ ریاست کے سرکاری و خانگی ہاسپٹلس میں اتفاقی طور پر آگ لگنے کی صورت میں اس کو کنٹرول کرنے کے نظام کا جائزہ لینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ موسم گرما ہے، اس کے علاوہ ریاست کے تمام ہاسپٹلس میں کورونا مریض زیرعلاج ہیں۔ ہاسپٹلس میں آگ پر قابو پانے کے تمام احتیاطی اقدامات مریضوں سے بھرپور گاندھی اور نمس ہاسپٹلس کے پاس احتیاطی اقدامات کے طور پر فائر انجن کی خدمات کو دستیاب رکھیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جنگی جہازوں کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے طلب کے مطابق آکسیجن حاصل کیا جارہا ہے۔ محکمہ صحت تمام سرکاری و خانگی ہاسپٹلس میں ضرورت کے مطابق آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنائے اور آپس میں تال میل اور رابطہ برقرار رکھتے ہوئے کسی بھی ایمرجنسی حالت کا سامنا کرنے کیلئے پوری طرح تیار رہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے۔ لوگ کورونا ٹسٹ کرانے کیلئے سرکاری مراکز پہنچ رہے ہیں۔ محکمہ صحت ٹسٹ کٹس کی قلت کو دور کرنے کیلئے دنیا کے کسی بھی حصہ میں ٹسٹنگ کٹس دستیاب ہے تو اس کو ریاست تلنگانہ کو منگوانے کیلئے خصوصی اقدامات کریں۔ ساتھ ہی ریاستی وزیرصحت ایٹالہ راجندر کو مشورہ دیا کہ وہ مرکزی محکمہ صحت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے طیاروں کے ذریعہ کٹس منگوانے حکومت ٹسٹنگ کٹس خریدنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ ساتھ ہی چیف منسٹر نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ وہ ہوم آئسولیشن میں رہنے والوں کو فوری کٹس فراہم کریں اور گھروں میں رہ کر کورونا کا علاج کرانے والے ہر متاثر کی صحت پر نگرانی رکھنے کی محکمہ صحت کو ہدایت دی۔ کتنے بھی لاکھ کٹس کی ضرورت محسوس ہو محکمہ صحت اس کو حاصل کریں۔ بعدازاں وزیرصحت نے بھی کہا ہیکہ کٹس حاصل کرنے کیلئے حکومت تیار ہے۔ عوام بھی کورونا کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت سے مکمل تعاون کریں۔