تلنگانہ کے شمالی اضلاع میں شدید موسلادھار بارش

   

حیدرآباد و سکندرآباد میں موسم خشک ۔ محض بوندا باندی کے بعد مطلع ابر آلود
حیدرآباد 13 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے شمالی اضلاع میں انتہائی شدید موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی لیکن دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں مجموعی طور پر مطلع ابرآلود اور موسم خشک رہا۔محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں بارش دونوں شہروں میں ہونے کا امکان ظاہر کرکے ’آرینج الرٹ‘ جاری کیا گیا تھا لیکن گذشتہ شب ہوئی وقفہ وقفہ سے بارش کے علاوہ دن بھر موسم خشک رہا جبکہ شمالی اضلاع میں موسلادھار بارش کی توثیق ہوئی ۔ محبوب آباد‘ منچریال ‘ یادادری بھونگیری‘ ورنگل ‘ جنگاؤں ‘ نلگنڈہ کے علاوہ بھدادری کتہ گوڑم میں موسلادھار بارش کی اطلاع ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب سے آج تک سب سے زیادہ بارش کیسامدرم منڈل ضلع محبوب آباد میں ریکارڈ کی گئی جہاں جملہ 191.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ دوسرے نمبر پر کنا پلی منڈل ضلع منچریال میں 153.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ تیسرے نمبر پر محبوب آباد کے منڈل نیلی کدور میں 152.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق زائد از 10 مقامات پر 116.5ملی میٹر تا 191ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ 30 سے زائد منڈلوں میں 65 ملی میٹر تا 112.8ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔15 تا 20منڈلوں میں 50ملی میٹر تا 65ملی میٹر بارش ہوئی ۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق حیدرآبادو سکندرآباد میں 13 ستمبر کی رات دیر گئے موسلادھار بارش کا کا امکان ہے حالانکہ تلنگانہ جو ہوا کے دباؤ میں کمی سے موسمی تبدیلی کاشکار تھی اب اس قدر شدید بارشوں کے امکانات نہیں رہے کیونکہ ماہرین کاکہناہے کہ تلنگانہ کے شمالی اضلاع جو کہ LPA کے زیر اثر تھے وہ اب ان اثرات کا شکار نہیں رہے۔محکمہ کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں شہر میں ہلکی و تیز وقفہ وقفہ سے بارش ریکارڈ کی جائے گی۔3

آندھرا پردیش میں شدید بارش ‘
بجلی گرنے سے دو افراد ہلاک
امراوتی 13 ستمبر ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش کے پالناڈو ضلع میں کل رات سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں عام زندگی درہم برہم ہوگئی ہے ۔ اس کے علاوہ ضلع میں بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آئے جس کے نتیجہ میں دو افراد کی موت وقاع ہوگئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ کل رات سے ضلع کے کئی مقامات پر شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے اور اطراف کے علاقوں سے بھی شدید بارش کی اطلاعات ملی ہیں۔ بجلی گرنے سے مرنے والوں کی 63 سالہ ناگما اور 60 سالہ وینکما کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ شبہ ہے کہ بجلی گرنے سے دونوں کے قلب پر شدید حملہ ہوا تھا ۔