وزیر داخلہ محمود علی اور صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کی مساعی، جی ایم آر حکام کی شرکت،بیگم پیٹ ایر پورٹ کے استعمال پر زور
حیدرآباد۔/29 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے عازمین حج کیلئے ایر پورٹ پر موثر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وزیر داخلہ محمد محمود علی اور صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے جی ایم آر کمپنی کے عہدیداروں کے ساتھ کل 30 مئی کو اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں انٹر نیشنل ایر پورٹ پر خصوصی حج ٹرمنل کی برخواستگی کے بعد مین ٹرمنل میں حج آپریشنس کیلئے علحدہ گوشہ الاٹ کرنے پر توجہ دلائی جائے گی۔ واضح رہے کہ حیدرآباد سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے علاوہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے بعض علاقوں سے تعلق رکھنے والے 3000 سے زائد عازمین کی روانگی کا 20 جون سے آغاز ہوگا۔ جی ایم آر حکام نے مین ٹرمنل پر دیگر بین الاقوامی مسافرین کے ساتھ عازمین حج کی روانگی کے انتظامات کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں عازمین کو کافی دشواریاں ہوسکتی ہیں۔ ضعیف العمر عازمین پہلی مرتبہ سفر کرتے ہیں اور انہیں ضروری فارمس کی تکمیل اور لگیج کی منتقلی میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ حج کمیٹی کے عہدیدار اور والینٹرس ایر پورٹ پر تعاون سے قاصر رہیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ دیگر امور کے علاوہ حیدرآباد کے بیگم پیٹ ایر پورٹ سے عازمین حج کی فلائیٹس چلانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ایجنڈہ میں شامل دیگر امور میں عازمین حج کیلئے ہینڈ بیاگیج کی اسکریننگ کا خصوصی کاؤنٹر، علحدہ ایمیگریشن کاؤنٹر، مرد اور خواتین کیلئے علحدہ سیکوریٹی چیک کاؤنٹرس، 300 سے زائد عازمین کیلئے نشستوں کا انتظام، ضعیف عازمین کیلئے ایرو برج کی سہولت، 3500 زم زم کے کیانس رکھنے کیلئے جگہ کی فراہمی، عازمین کیلئے یوزر ڈیولپمنٹ چارجس سے استثنیٰ اور کنویر بیلٹ کی فراہمی جیسے امور پر بات چیت کی جائے گی۔ صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم نے بتایا کہ جی ایم آر حکام کو تمام سہولتوں کی فراہمی کیلئے پابند بنایا جائے گا کیونکہ عازمین سے ایرپورٹ ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔ر