آزادانہ و منصفانہ انتخابات اولین ترجیح، چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کے نیشنل ٹریننگ پروگرام کے تحت بوتھ سطح کے عہدیداروں کی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے ٹریننگ پروگرام منعقد کیا گیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر سی سدرشن ریڈی کی ہدایت پر تلنگانہ کے 1800 الیکشن عہدیداروں نے آن لائین ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ انتخابات میں ازروئے قانون آزادانہ و منصفانہ انعقاد کیلئے عہدیداروں کی ٹریننگ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ میں حصہ لینے والے عہدیداروں کو بوتھ سطح پر پیش آنے والے مسائل کے حل کی رہنمائی حاصل ہوگی۔ فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے سلسلہ میں درپیش اپیل کی یکسوئی کے طریقہ کار سے واقف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ سطح کے عہدیدار اور سپر وائزرس فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے بارے میں طریقہ کار سے عوام کو واقف کراسکتے ہیں۔ ٹریننگ کلاسس میں 119 الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس، 799 اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس، 476 اسمبلی ماسٹر ٹرینرس اور 476 اسسٹنٹ اے سی ایم ٹی نے شرکت کی۔ انتخابی ڈیوٹی اور دیگر امور کے بارے میں رہنمائی کی گئی۔ ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر لوکیش کمار نے انتخابی عمل کے بارے میں تفصیلات حاصل کرنے پر زور دیا۔ ڈپٹی چیف الیکٹورل آفیسر بی ہری سنگھ ، ٹریننگ نوڈل آفیسر بی چنیا اور انتخابی عمل کے ماہرین جئے چندرا ریڈی ، بی راجہ گوڑ اور ڈی چرنجیوی نے مخاطب کیا۔1