تلک نے وہ کردکھایا جس کا وعدہ کیا تھا : سوریا

   

سنچورین ۔ یہاں جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میں بائیں ہاتھ کے بیٹر تلک ورماکو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے دیکھ کر سب کو حیرت ہوئی ہوگی۔ ذہن میں یہ سوال ضرور پیدا ہوا ہوگا کہ مڈل آرڈر میں کھیلنے والا کھلاڑی ٹاپ آرڈرکا کھلاڑی کیسے بن سکتا ہے؟ اس کے پیچھے ایک بہت ہی دلچسپ کہانی ہے، جس کے بارے میں کپتان سوریاکمار یادو نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں فتح کے بعد بتایا۔ سوریا کے مطابق نمبر 3 پرکھیلنے کا فیصلہ خود تلک کا تھا، وہ خود آگے آئے تھے اور مجھ سے یہ موقع مانگا تھا اور میں خوش ہوں کہ اس نے موقع کو اچھی طرح سے استعمال کیا۔ اس نے جوکہا وہ کر دکھایا۔ سوریا کمار یادو نے بتایا کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے بعد تلک ورما ہوٹل میں میرے کمرے میں آئے اور مجھ سے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کا موقع مانگا۔ انہوں نے مجھے بہترکارکردگی کا یقین دلایا۔ تلک کی بات سن کر میں راضی ہوگیا۔ اسے اپنے ارادوں کو عملی جامہ پہنانے کا موقع دیا۔ اب مجھے اچھا لگتا ہے کہ اس نے وہی کیا جو اس نے مجھ سے کرنے کو کہا تھا۔ میں ان کے لیے بہت خوش ہوں۔ مداحوں کو معلوم ہوا کہ تلک ورما نے کپتان سوریاکمار یادو کے کمرے میں کیا کہا تھا۔ انہوں نے یہ کام ہندوستانی اننگز کی تیسری گیند سے ہی شروع کرد یا۔ میچ کی دوسری ہی گیند پر اوپنر سنجو سیمسن کے بولڈ ہونے کے بعد تلک ورما بیٹنگ کے لیے کریز پر آئے اور کوئی وقت ضائع کیے بغیر وہ کام کرنے لگے جو انھوں نے اپنے کپتان سے کہا تھا۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے تلک ورما نے56 گیندوں پر ناقابل شکست 107 رنز بنائے۔ 191.07 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلی گئی اس اننگز میں7 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ تلک ورما نے اپنے ٹی20 انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی سنچری بنائی اور ٹیم انڈیا نے مجموعی طور پر219 رنز بناکر جنوبی افریقہ میں اپنے سب سے زیادہ ٹی20 اسکور کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے قبل انہوں نے2007 میں 218 رنز بنائے تھے۔ ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 11 رنز سے جیتا جس کے ہیرو بائیں ہاتھ کے بیٹر تلک ورما رہے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ہندوستان نے سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی لیکن تلک کو مزید تین کامیابیاں ملیں۔ اس نے اپنے کپتان کا اعتماد جیتا، میچ کے بہترین کھلاڑی بنے اور شاید مستقبل کے لیے نمبر تین کا مقام بھی حاصل کرلیا جہاں ماضی میں ویراٹ کوہلی موجود تھے۔