حیدرآباد ۔ 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ ای وی نرسمہاریڈی نے عہدیداروں کو حکم دیا کہ ریاست کے تمام اسکولس میں کلاسیس I تا X تلگو زبان کو ایک لازمی مضمون بنایا جائے۔ اس سلسلہ میں 19 ڈسمبر کو ایک حکم جاری کیا گیا۔ اس حکم کا اطلاق، جس کا مقصد 2018ء کے ایکٹ 10 کے مطابق تلگو زبان کا تحفظ کرنا ہے، تعلیمی سال 2025-26ء سے تمام اسٹیٹ بورڈ، سی بی ایس ای، آئی سی ایس ای، آئی بی اور دیگر بورڈ سے ملحقہ اسکولس کیلئے ہوگا۔ اسکولس کو ہدایت دی گئی ہیکہ وہ اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ریسرچ کی تیار کردہ نصابی کتابوں کا استعمال کریں۔ دوسری ریاستوں کے غیرمقامی طلبہ کو جو دیر سے کلاسیس میں شامل ہوتے ہیں، اس حکم سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔