تمام محکمہ جات کو 4 جنوری تک بجٹ تجاویز روانہ کرنے کی ہدایت

   

(ریاست میں سالانہ بجٹ 2025-26 کی تیاریاں)
نئی اسکیمات کیلئے تفصیلات پیش کی جائے ، محکمہ فینانس نے رہنمایانہ خطوط جاری کردیا

حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : محکمہ فینانس کے پرنسپل سکریٹری کے راما کرشنا راؤ نے تازہ احکامات جاری کرتے ہوئے ریاست کے تمام محکمہ جات کو ہدایت دی کہ وہ مالیاتی سال 2025-26 کا سالانہ بجٹ کی تیاری کے لیے 4 جنوری تک اپنے بجٹ تخمینہ تجاویز روانہ کردیں ۔ ریاستی حکومت نے بجٹ تیاریوں کا آغاز کردیا ۔ کانگریس حکومت نے اپنے پہلے سال 6 گیارنٹی کے علاوہ کسانوں کے قرض معافی اور دوسرے اہم وعدوں کی تکمیل کی اور دوسرے سال میں داخل ہوگئی ۔ اس سال مزید وعدوں پر عمل آوری کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کررہی ہے جس کے پیش نظر ریاست کے تمام محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ تخمینہ بجٹ ، اسکیمات پر عمل آوری سے متعلق تفصیلات اور دیگر امور کو جامع رپورٹ میں شامل کرتے ہوئے 4 جنوری تک روانہ کردیں ۔ اسی دن شام میں 4 بجے سکریٹریٹ میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں تمام محکمہ جات کی جانب سے وصول ہونے والی تجاویز کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا ۔ سماج کے تمام طبقات کے لیے کانگریس کے انتخابی منشور اور ڈیکلریشن کے ذریعہ کئے گئے وعدوں پر بھی کابینہ اجلاس میں غور کرنے کا امکان ہے ۔ تمام محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 4 جنوری تک (IFMIS) پورٹل کے ذریعہ آن لائن میں اپنی بجٹ تجاویز روانہ کریں ۔ اسی دن متعلقہ محکمہ جات کے سربراہان ان تجاویز کا جائزہ لیں اور ضرورت کے مطابق اس میں تبدیلیاں کرتے ہوئے قطعی تجاویز محکمہ فینانس کو روانہ کردیں ۔ محکمہ فینانس کے پرنسپل سکریٹری نے کہا کہ امکانات اور قیاس آرائیوں میں مبتلا ہوئے بغیر انہیں ضرورت کے مطابق حقیقی فنڈز سے زیادہ یا کم رقم تجویز نہ کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے ۔ ہر محکمہ کو ضروری طور پر انتظامی اخراجات مثلا دفتری دیکھ بھال ، گاڑیاں ، کرایہ ، برقی ، پینے کے پانی کے اخراجات ، آوٹ سورسنگ خدمات ، فلاحی اور سبسیڈی اسکیمات کے اخراجات کا تخمینہ بھیجنا ہوگا ۔ تمام محکمہ جات پر مالیاتی سال 2024-25 کے 31 ڈسمبر تک کے خالص قرضوں کی تفصیلات روانہ کرنے کے ساتھ ساتھ ہر محکمہ میں مستقل ملازمین اور عارضی ملازمین کی تفصیلات روانہ کرنے پر زور دیا گیا ہے ۔ تمام محکمہ جات مالیاتی سال 2024-25 کے نظر ثانی شدہ تخمینہ روانہ کرنے کے ساتھ آمدنی بڑھانے کی تجاویز بھی پیش کریں ۔ اگر آئندہ مالیاتی سال میں نئی اسکیمات شروع کرنا ہے تو اس کے اخراجات کی تفصیلات بھی تجاویز کی شکل میں پیش کریں اور ساتھ ہی سرکاری محکمہ جات میں عمل کرنے کی گنجائش والے مرکزی اسپانسرڈ اسکیمات ( سی ایس ایس ) کی نشاندہی کریں تاکہ مرکز سے زیادہ سے زیادہ فنڈز حاصل کئے جاسکیں اور ساتھ میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی حصہ داری بتاتے ہوئے تجاویز پیش کریں ۔ 2