ممبئی : فلمی دنیا اس خبر سے ہل کر رہ گئی کہ لسٹ اسٹوریز2 کے ساتھی اداکار وجے ورما اور تمنا بھاٹیہ کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے۔ یہ خبر بہت سے لوگوں کے لیے حیران کن ثابت ہوئی، خاص طور پر اس لیے کہ دونوں کی بڑھتی ہوئی قربت میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔ اب رپورٹس سامنے آئی ہیں جن میں ان کی علیحدگی کی وجہ بتائی گئی ہے۔ حالیہ رپورٹ کے مطابق وجے اور تمنا کے درمیان اختلافات کی وجہ مستقبل کے حوالے سے ان کے مختلف خیالات ہیں، خاص طور پر شادی کے معاملے پر دنوں میں اتفاق نہیں ہوا۔ کہا جا رہا ہے کہ تمنا، جواب 30 سال سے زیادہ کی عمر میں پہنچ چکی ہیں، ازدواجی زندگی اختیار کرنے کی خواہشمند تھیں اور اس حوالے سے وہ دباؤ بھی محسوس کررہی تھیں۔ ذرائع کے مطابق شادی کی خواہش ان دونوں کے درمیان تنازعے کی وجہ بن گئی، جس کی وجہ سے اکثر بحث و تکرار ہونے لگی۔ بالآخر ان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مختلف ترجیحات نے انہیں علیحدگی کا فیصلہ کرنے پر مجبورکردیا۔ جوڑے کے قریبی ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وجے اور تمنا چند ہفتے قبل ہی الگ ہو چکے ہیں۔دونوں اداکار اپنے کام پر توجہ دے رہے ہیں اور مصروف شیڈول میں مشغول ہیں۔ عوام کو ان کے تعلقات کا پہلی بار علم 2023میں لسٹ اسٹوریز2 کی ریلیز کے دوران ہوا، جب دونوں نے پہلی بار ایک ساتھ کام کیا۔ ان کی کیمسٹری میڈیا میں زیر بحث آگئی، اور ان کے تعلقات کو لے کر چہ مگوئیاں بڑھتی گئیں۔ عوامی دلچسپی کے باوجود وجے اور تمنا نے رشتہ خفیہ رکھنے کی کوشش کی۔ وہ اپنی ذاتی زندگی کو مکمل طور پر پوشیدہ رکھنے کے بھی خواہشمند نہیں تھے، لیکن ساتھ ہی، وہ اسے مستقل خبروں کی زینت بنانے سے بھی گریزکرنا چاہتے تھے۔ ایک سابقہ انٹرویو میں، وجے نے اپنی نجی زندگی کو محدود رکھنے کے خیال پر بات کی تھی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ اور تمنا جان بوجھ کر اپنے تعلقات کو خفیہ نہیں رکھ رہے تھے، لیکن وہ اپنی ذاتی زندگی کے کچھ پہلو عوامی نگاہوں سے دور رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ وجے کے مطابق، اگر وہ اپنی محبت کو چھپانے کی کوشش کرتے، تو اس سے غیر ضروری دباؤ پیدا ہوتا۔یادرہے کہ تمنا باہو بلی جیسی بڑی فلموں سے نام کما چکی ہیں ۔