نئی دہلی: بی جے پی کے ایک اور لیڈرارون یادو نے شان رسالت صلعم میں گستاخی کی ہے۔ ٹویٹر پراس نے پیغمبر اسلام صلعم کے بارے میں قابل اعتراض تبصرہ کیا جس کی وجہ سے ٹوئٹر پر لوگ اس کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اگر آلٹ نیوز کے شریک بانی زبیر کو گرفتار کیا جا سکتا ہے تو ارون یادو کو کیوں نہیں۔دراصل اس کی طرف سے کچھ اہانت آمیزتصاویر شیئر کرتے ہوئے شان رسالت صلعم میں گستاخی کی گئی تھی۔ اس ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے دہلی پولیس کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ اسے گرفتار کیا جائے۔بی جے پی ہریانہ یونٹ کے آئی ٹی سیل کے سربراہ ارون یادو کو جمعرات کے روز پارٹی نے مسلمانوں اور اسلام کے خلاف نفرت انگیز ٹوئٹ کرنے پرعہدہ سے برطرف کر دیا ہے۔اس دوران اس کے 2017ء میں کئے گئے ایک ٹوئٹ کو سب سے زیادہ شیئر کیا گیا جس میں وہ پیغمبر اسلامؐ کی شان میں گستاخی کررہا تھا۔ہریانہ بی جے پی کے ریاستی صدر اوم پرکاش دھنکڑ نے پریس ریلیز جاری کر کے ارون یادو کو برطرف کئے جانے کی تصدیق کی ہے۔ ہریانہ بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے عہدیدار اور انچارج ارون یادو کو فوری اثر سے عہدہ سے برطرف کر دیا گیا ہے ۔ تاہم پارٹی نے انہیں برطرف کرنے کی وجہ بیان نہیں کی ہے۔