جئے پور ایکسپریس شوٹنگ پر اویسی کا ٹوئٹ ہندوستان میں روک دیاگیا

,

   

نہ صرف حیدرآباد رکن پارلیمنٹ کا اس واقعہ پر ٹوئٹ روک دیاگیا بلکہ صحافی رانا ایوب کا بھی فائرینگ پر ٹوئٹ کو روک دیاگیا ہے۔
حیدرآباد۔ اے ائی ایم ائی ایم صدر اور حیدرآباد رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے کہاکہ حکومت ہند کی درخواست پر پلیٹ فارم ”X“ نے جئے پور ایکسپریس میں پیش ائے ایک ”دہشت گرد حملے“ سے متعلق ان کے ٹوئٹ کوروک دیاہے اور اس اقدام کی انہوں نے مذمت بھی کی۔

انہوں نے ٹوئٹ کیاکہ ”میرا جئے پور ایکسپریس دہشت گرد حملے پر ٹوئٹ کو حکومت ہند کی درخواست پر روک دیاگیاہے۔

اس سے کیا قانون کی خلاف ورزی ہورہی ہے؟کیاایک دہشت گرد حملے کو دہشت گرد حملہ کہنا جرم ہے؟کاش مودی حکومت مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم کو روکنے میں اتنی ہی فعال ہوتی“۔

نہ صرف حیدرآباد رکن پارلیمنٹ کا اس واقعہ پر ٹوئٹ روک دیاگیا بلکہ صحافی رانا ایوب کا بھی فائرینگ پر ٹوئٹ کو روک دیاگیا ہے۔رانا ایوب نے ٹوئٹ کیاکہ ”حکومت ہند کی مانگ پر ردعمل پیش کرتے ہوئے ٹرین واقعہ پر میرے ٹوئٹ کو ہندوستان میں روک دیاگیا ہے۔

ٹوئٹر نے مجھے اس کی اطلاع دینے کے لئے لکھا ہے۔ جمہوریت کی ماں کے لئے بہت کچھ“

https://twitter.com/RanaAyyub/status/1686242310483554304?s=20

پیرکے روز جئے پور ممبئی سنٹرل سوپر فاسٹ ایکسپرس میں سفر کررہے جن چار لوگوں کو آر پی ایف کے جوان نے گولی مار کر ہلاک کردیاتھا اس میں سے ایک مہلوک کی شناخت حیدرآباد کے رہنے والے کے طور پر ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نامپلی کے اے سی گارڈس میں بیاٹری لائن میں رہنے والے 48سالہ سید سیف الدین کو پیر کے روز آر پی ایف کے جوان نے گولی مار کر شہید کردیاتھا جس کو بعد میں ایک ’نفرت پر مشتمل جرم“ قراردیاگیاہے۔

متوفی کے پسماندگان میں ایک بیوہ کے علاوہ تین بیٹیاں ہیں۔ سب سے چھوٹی بیٹی کی عمر چھ ماہ کی ہے۔

یکم اگست کے روز متعلقہ اے ائی ایم ائی ایم کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج نے غمزدہ خاندان سے ملاقات بھی کی ہے۔

مذکورہ ملزم 34سالہ چیتن سنگھ کو اس کی اٹومیٹک ہتھیار کے ساتھ گرفتار کرلیاجب صبح 6بجے میر ا روڈ اسٹیشن (ممبئی سبربن نٹ ورک پر) کے قریب مسافرین کی جانب سے ایمرجنسی چین کھینچ کر ٹرین کور وکنے کے بعد وہ فرار ہونے کی کوشش کررہاتھا۔

آر پی ایف جوان کی مبینہ فائرینگ میں ہلاک ہونے والے چار میں سے تین مسلمان تھے۔واقعہ کے فوری بعد دل کو دہلادینے والے مناظر انٹرنٹ پر منظرعام پر ائے ہیں۔

وائرل ویڈیو میں سے ایک میں مذکورہ ملزم اپنے اٹو میٹک بندوق لہراتے ہوئے یہ کہتے سنا جارہا ہے کہ ”اگر ووٹ دیناہے‘ ہندوستان میں رہنا ہے تو مودی او ریوگی‘ یہی دو ہیں“۔