جاریہ تعلیمی سال سے مزید 8 میڈیکل کالجس کا آغاز

   


ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ کا اعلان، چیف منسٹر کے منصوبہ پر عمل آوری

حیدرآباد۔/23 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں جاریہ تعلیمی سال کے دوران مزید 8 میڈیکل کالجس شروع کردیئے جائیں گے۔ ریاستی وزیر صحت و فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے تلنگانہ کے ساتھ اختیار کردہ رویہ کے باوجود چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج کے قیام کا جو منصوبہ تیار کیا ہے اس پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے بتایا کہ ریاست میں 70 سال کے دورا محض 5 میڈیکل کالج قائم کئے گئے تھے جبکہ 8 برسوں میں قیام تلنگانہ کے بعد 12 نئے میڈیکل کالج قائم کئے جاچکے ہیں۔ 16 نئے میڈیکل کالج قیام کے مرحلہ میں اور ان میڈیکل کالجس کے قیام کے بعد ہر ضلع میں کم از کم ایک میڈیکل کالج موجود ہوگا۔ ریاستی وزیر صحت نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ مرکز نے تلنگانہ میں ایک بھی میڈیکل کالج کو منظوری نہیں دی جبکہ اتر پردیش میں 27 نئے میڈیکل کالجس کو منظوری دی گئی اور مدھیہ پردیش میں 19 نئے میڈیکل کالجس کے قیام کی راہ ہموار کی گئی۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ملک بھر میں 157 نئے میڈیکل کالجس کو منظوری دی گئی ہے لیکن تلنگانہ میں ایک بھی میڈیکل کالج کے قیام کی مرکزی حکومت کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی اس کے باوجود ریاستی حکومت اپنے طور پر میڈیکل کالجس کے قیام کو یقینی بنارہی ہے۔م