جاسوسی معاملہ پر اپوزیشن پارٹیاں متحد، سمجھوتہ نہیں کرنے کا عزم

   

پیگاسس جاسوسی معاملہ کے تعلق سے حزب اختلاف مرکزی حکومت پر لگاتار حملہ آور ہے اور اس کی وجہ سے اب تک پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کی کارروائی بھی تعطل کا شکار ہے۔ پارلیمنٹ میں بدھ کی صبح مانسون سیشن کی کارروائی شروع ہونے سے قبل حزب اختلاف کی متعدد جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا۔حزب اختلاف کے اجلاس کے دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی بھی موجود رہے، جس میں اپوزیشن رہنماؤں نے حکومت کو گھیرنے کے حوالہ سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا اور تمام جماعتوں نے یکجہتی کا اظہار کیا۔ کانگریس کے علاوہ شیوسینا، سی پی آئی، سی پی ایم، راشٹریہ جنتا دل، عام آدمی پارٹی اور تمل ناڈو کے ڈی ایم کے رہنماؤں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔حزب اختلاف کی 14 جماعتوں کے اس اجلاس کے دوران کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ایوان کی کاررائی چلے اور پیگاسس معاملے پر بحث کرائی جائے۔