نمازیوں کو سماجی فاصلہ ، فیس ماسک لگانے اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ
نئی دہلی۔ دہلی کے تاریخی جامع مسجد کو ہفتہ سے نمازیوں کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ 8 جون کو ملک بھر میں عبادت گاہوں کے کھولنے کے تین دن بعد 11 جون کو جامع مسجد کو کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر دوبارہ بند کردیا گیا تھا۔ ن لاک 2.0 کے تحت 4 جولائی سے مسجد کو دوبارہ کھول دیا گیا ۔شاہی امام سید احمد بخاری نے مصلیوں سے خواہش کی ہے کہ وہ سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر کو اختیار کریں۔ 11 جون کو مسجد کو بند کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا تھا، جب دہلی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا تھا۔ اس وقت 90,000 سے زیادہ کورونا کے کیسیس رپورٹ ہوئے تھے۔ شہر کے ایک اور مشہور فتح پوری مسجد بھی تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ دوبارہ کھول دی جائے گی۔ ملک میں کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کیلئے 25 مارچ 2020ء کو لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا اور تمام عبادت گاہوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ 8 جون سے عبادت گاہوں کے ساتھ ہوٹلس، ریسٹورینٹس، بارس اور دیگر مقامات کو بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ طویل عرصہ تک لاک ڈاؤن کے بعد اس میں نرمی اور راحتیں دی گئیں اور بعدازاں حکومت نے اَن لاک کا فیصلہ کیا۔ بتایا گیا کہ پہلے ان لاک کے دوران کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا تھا لیکن حکومت نے یکم جولائی 2020ء سے ان لاک 2.0 پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی دوران فتح پوری مسجد کے امام مفتی مکرم احمد نے کہا کہ مسجد اب نمازیوں کیلئے کھول دی گئی ہے لیکن ہمیں اس بات کو دہن نشین کرنا ہے کہ کورونا وائرس کا اثر اب بھی موجود ہے اور اس سے بچنے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کرنا ضروری ہے ۔