الور : راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوٹ نے کہا ہے کہ ریاست میں 11 جاپانی کمپنیوں کے ساتھ ایم او یو سے 1338 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری آئے گی اور جاپان اور راجستھان کے درمیان تعلقات مزید بلندیوں پر جائیں گے گہلوت جمعرات کو ڈائکن جاپانی انسٹی ٹیوٹ آف مینوفیکچرنگ ایکسیلنس (ڈی جے آئی ایم ای)، نیمرانا میں منعقدہ ایم او یو تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی کمپنیوں نے ریاست میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے اور جاپانی سرمایہ کاری راجستھان میں صنعت کاروں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے ۔ اب جاپانی کمپنیوں کو باڈمیر میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس، انویسٹ راجستھان اور اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر کی تعمیر میں سرمایہ کاری کرکے ایک اور باب لکھنا چاہیے ۔ مسٹر گہلوت نے کہا کہ جاپانی زون کاروباریوں کے درمیان بحث کا موضوع بنا ہوا ہے اور 11 جاپانی کمپنیوں کے دستخط شدہ مفاہمت ناموں سے جاپان اور راجستھان کے درمیان تعلقات مزید بلندیوں پر جائیں گے ۔