شاد نگر میں کرائم پولیس اسٹیشن کے قیام کا تیقن، کمشنر سائبر آباد مسٹر سجنار کی پریس کانفرنس
شاد نگر۔/20فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جرائم کی روک تھام کیلئے خصوصی اور عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔شاد نگر میں کرائم پولیس اسٹیشن قائم کیا جائے گا۔ ٹریفک کے قانون پر ہر شہری عمل کریں۔ ان خیالات کا اظہار پولیس کمشنر سائبر آباد شری سجنار نے شاد نگر پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سابق کی بہ نسبت فی الحال جرائم میں کافی حد تک کمی آئی ہے۔ جرائم کی مزید روک تھام کیلئے محکمہ پولیس مزید ٹھوس اور عملی اقدامات کررہی ہے۔ امن و امان کی برقراری کیلئے ہر ممکنہ اقدامات محکمہ پولیس کی جانب سے کئے جارہے ہیں۔ سی پی سائبر آباد سجنار نے بتایا کہ شاد نگر پولیس اسٹیشن حدود میں ایک ہزار سی سی کیمرے نصب ہیں اور آئندہ آنے والے وقت میں سی سی کیمروں میں 5ہزار تک اضافہ کرنے کا منصوبہ ہے۔ سی سی کیمروں کو نصب کرنے کی وجہ سے بھی جرائم کے واقعات میں کمی ہورہی ہے۔ شاد نگر پولیس اسٹیشن حدود میں مختلف سماجی تنظیموں نے آگے آتے ہوئے سی سی کیمروں کو نصب کرنے میں بھرپور تعاون فراہم کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ٹریفک شعور کے متعلق شعور بیداری پروگراموں کا بھی انعقاد عمل میں لانے کا تیقن دیا۔ امن و امان کی برقراری میں عوامی تعاون کو بے حد ضروری قرار دیا۔ ٹریفک کے متعلق انہوں نے کہا کہ ٹو وہیلر سواروں کو ہیلمٹ کا استعمال کرنے پر زور دیا۔ موٹر گاڑی مالکین کو شراب نوشی کے بعد گاڑی نہ چلانے پر زور دیا۔ سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے عوام میں شعور بیداری بے حد ضروری قرار دیا۔ پولیس کمشنر سائبرآباد سجنار نے شاد نگر پولیس اسٹیشن کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر شمس آباد ڈی سی پی پرکاش ریڈی، مہیلا ڈی سی پی، اے سی پی شاد نگر سریندر، شاد نگر ٹاون سرکل انسپکٹر سریدھر کمار، رورل سرکل انسپکٹر چندر شیکھر، ٹریفک سی آئی سلیل کمار کے علاوہ مختلف پولیس اسٹیشنوں سے وابستہ ایس آئیز اور دیگر پولیس ملازمین موجود تھے۔