رقمی مطالبہ کرنے والا فرضی سینئر بیوروکریٹ گرفتار
حیدرآباد ۔ 4 جون ۔ ( سیاست نیوز) سائبر کرائم پولیس حیدرآباد نے ایک فرضی سینئر بیورو کریٹ کو گرفتار کرلیا ۔ راجستھان سے تعلق رکھنے والے اس دھوکہ باز کی عمر 19 سال بتائی گئی ہے جو دو مقدمات میں ملوث ہے ۔ ایک سینئر بیورو کریٹ کی شکایت پر سائبر کرائم پولیس حیدرآباد نے کارروائی کرتے ہوئے راجستھان سے تعلق رکھنے والے ارباز خاں ساکن الوار ضلع راجستھان کو گرفتار کرلیا۔ سائبر کرائم پولیس کے مطابق ارباز خاں نے فرضی فیس بک اکاؤنٹ ، فرضی پروفائیل کے ذریعہ خود کو سینئر آئی اے ایس اور آئی پی ایس ظاہر کیااور شکایت گذار کے پروفائیل کو استعمال کرتے ہوئے فرینڈ ریکوسٹ روانہ کرتے ہوئے رقمی مطالبہ کررہا تھا اور اپنے آپ کو سی آر پی ایف کا عہدیدار بتاتے ہوئے سینئر عہدیداروں کے ساتھیوں کو اپنے جال میں پھانس کر اُن سے رقمی مطالبہ کررہا تھا ۔ پولیس نے اُس کے قبضہ سے ایک سیل فون کو ضبط کرلیا ۔ ع
باجوپلی میں اجنبی خاتون کی نعش سے سنسنی
حیدرآباد ۔ 4 جون ۔ ( سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ باجوپلی میں ایک اجنبی خاتون کی نعش دستیاب ہونے کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ اطلاع کے بعد پولیس نے مقام واردات پہونچ کر خاتون کی نعش کو برآمد کرلیا جو بیاگ میں پائی گئی ۔ باجو پلی کے وجیہ درگا اونرس اسوسی ایشن کالونی کے شمالی علاقہ میں یہ نعش دستیاب ہوئی ۔ ایک بیاگ میں نعش کو پیاک کرتے ہوئے اس علاقہ میں پھینک دیا گیا ۔اس خاتون کی عمر تقریباً 25 تا 35 سال بتائی جارہی ہے ۔ بالانگر ڈی ایس پی سریش کمار نے اس سلسلہ میں خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیتے ہوئے تحقیقات کاآغاز کردیا ہے اور آس پاس کے علاقوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ جاری ہے ۔ پولیس نے پنچنامہ کے بعد نعش کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کردیا اور خاتون کی شناخت جاری ہے ۔ ع
عادی مجرمین گرفتار، لاکھوں روپئے مالیتی اشیاء ضبط
حیدرآباد ۔ 4 جون ۔ ( سیاست نیوز) سکندرآباد ریلوے پولیس نے دو عادی مجرمین کو گرفتار کرتے ہوئے گیارہ لاکھ 45 ہزار روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ ڈی ایس پی ریلوے پولیس سید نعیم الدین جاوید نے بتایا کہ 27 سالہ ٹی نتن ساکن کتہ گڈم اور 35 سالہ اندرالہ راجیش ساکن نظام آباد کو گرفتار کرلیا ۔ اُن کی گرفتاری سے ریلوے پولیس نے چار رہزنی اور دو سرقہ کی واردتوں کو حل کرلیا ۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ دونوں دوست ہیں اور اپنے شوق کو پورا کرنے کیلئے انھوں نے وارداتیں شروع کردی ۔ نتن (23) مقدمات میں ملوث ہے جو جیل کی سزا کاٹ چکا ہے جبکہ راجیش (16) وارداتوں میں ملوث پایا گیا۔ ریلوے پولیس نے گیٹ نمبر 2 پلاٹ فام نمبر ایک سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے انھیں مشتبہ نقل و حرکت پر حراست میں لیا اور تفتیش کے دوران انھوں نے اپنے جرم کو قبول کرلیا۔ ع
خاتون پولیس کا سلف ڈیفنس ٹریننگ کیمپ
پولیس کمشنر کا دورہ ، ہارس گراونڈ میں انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے تعمیر کردہ جدید ہارس گراونڈ کا آج کمشنر پولیس نے معائنہ کیا ۔ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی گوشہ محل اسٹیڈیم میں تعمیر کے سلسلہ میں پولیس کی تمام سرگرمیوں اور شعبوں کو منتقل کردیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں گھوڑوں کے گراونڈ کو چاکنہ واڑی میں تعمیر کیا گیا ہے ۔ یہ ہارس گراونڈ عارضی رہے گا جب کہ مستقل گراونڈ کی تعمیر کے لیے اقدامات کئے جائیں گے ۔ کمشنر پولیس نے آج ہارس گراونڈ کے معائنہ کے علاوہ خواتین پولیس کے سیلف ڈیفنس ٹریننگ کیمپ کا بھی معائنہ کیا اور خواتین پولیس سے بات چیت کی ۔ اس موقع پر ٹریننگ میں حاصل کردہ تربیت کا خواتین پولیس نے مظاہرہ کیا ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد ڈی جی سی وی آنند نے کہا کہ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی تعمیر کے ریاستی حکومت کے فیصلے کے بعد گوشہ محل اسٹیڈیم کو خالی کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ ہاسپٹل کے تعمیری کاموں کا بہت جلد آغاز ہوگا ۔ اس کے لیے اسٹیڈیم سے پولیس کے تمام بلاکس کو منتقل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کئی سالوں سے موجود ہارس گراونڈ کو عارضی طور پر چاکنہ واڑی منتقل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہارس گراونڈ کی منتقلی سے محکمہ پولیس سے متعلق تمام شعبوں کو منتقل کرتے ہوئے اسٹیڈیم محکمہ ہیلت کے حوالے کردیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ پولیس کے لیے گیارہ ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے ۔ اس گیارہ ایکڑ اراضی میں سات زونس کے چند کامپلکس تعمیر کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ ٹی ٹی آئی کے قریب 2 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی خصوصی دلچسپی سے 55 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ پولیس کارپوریشن کی جانب سے تعمیرات عمل میں لائے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال عارضی طور پر ہارس گراونڈ اور ڈاگ کنال کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سال میں محکمہ پولیس کے تمام تعمیرات کو عمل میں لایا جائے گا ۔ ع
انہوں نے بتایا کہ سیفٹی ویمن ایکشن ٹیم کو تشکیل دیا گیا ہے ۔ جو خواتین کو بچانے کے بعد انہیں منتقل کرنے کے دوران یہ ٹیمیں کام کریں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ 35 خواتین کے ذریعہ ویمن ایکشن ٹیم کو تیار کیا گیا ہے ۔۔ ع