جموں: جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں محکمہ پی ایچ ای میں تعینات ڈیلی ویجروں نے 72 گھنٹوں کی کام چھوڑ ہڑتال شروع کی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق بی سی روڈ جموں میں جمعے کے روز پی ایچ ای ملازمین نے اپنی مانگوں کو لے کر احتجاجی دھرنا دیا۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو قبل از وقت ہی کام چھوڑ ہڑتال شروع کرنے کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی ایچ ای ڈیلی ویجرز گزشتہ 20سالوں سے مستقلی کا انتظارکر رہے ہیں لیکن سرکار ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے ۔ ان کے مطابق گر چہ عمر عبداللہ کی قیادت والی سرکار نے کمیٹی بھی تشکیل دی تاہم ماضی میں بھی ایسی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جن کی رپورٹ آج تک منظر عام پر نہیں لائی گئی۔ مظاہرین کے مطابق تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق وہ 72گھنٹوں کی کام چھوڑ ہڑتال کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔