جموں وکشمیرکے اودھم پورمیں2 پر اسرار دھماکے ، 2افراد زخمی

   

جموں: پولیس کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کے ضلع اودھم میں آٹھ گھنٹوں کے دوران دو میل چوک اور بس اڈے میں دو الگ الگ دھماکے ہوئے جن میں دو افراد زخمی ہوگئے ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں زون مکیش سنگھ نے بتایا کہ اودھم کے دومیل چوک میں گذشتہ شب قریب ساڑھے دس بجے پٹرول پمپ کے نزدیک کھڑی ایک گاڑی میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ اسی نوعیت کا ایک اور دھماکہ جمعرات کی علی الصبح قریب چھ بجے اودھم پور بس اڈے میں کھڑی ایک گاڑی میں ہوا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں تحقیقات جاری ہیں۔دریں اثنا دھماکوں کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں چوکسی بڑھا دی ہے اور گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ جاری کیا گیا ہے ۔جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں بس اسٹینڈ کو سیکورٹی فورسز نے محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔بتادیں کہ اُدھم پور بس اسٹینڈ میں ہوئے دھماکے کے بعد جموں کے سبھی بس اسٹینڈوں میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔میڈیانے بتایا کہ جمعرات کے روز سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد جموں بس اسٹینڈ کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ ڈرون کیمروں اور کھوجی کتوں کی مدد سے بس اسٹینڈ میں موجود سبھی گاڑیوں اور دکانوں کی تلاشی لی گئی۔