سری نگر، 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں 19 جنوری سے وقفہ وقفہ سے برف وباراں کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق بدھ کے روز موسم میں بہتری واقع ہوئی۔جہاں ریاست کے جموں خطہ میں دو دنوں کی موسلادھار بارشوں کے بعد بدھ کے روزدھوپ کھلی وہیں وادی میں بھی موسم دن بھر خشک رہا۔ اگرچہ وادی میں مطلع دن میں زیادہ تر ابر آلود ہی رہا لیکن کبھی کبھی لوگوں کو مدتوں بعد ہلکی دھوپ کی زیارت بھی نصیب ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ وادی میں موسم میں بتدریج بہتری واقع ہوگی کیونکہ مغربی ہواؤں کا اثر کم ہونے لگا ہے ۔
ادھر صوبائی کمشنر بصیر خان نے وادی کے نواضلاع میں ایک بار پھر برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی ہے ۔
انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے کے لئے احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کریں۔