نئی دہلی : وزارت داخلہ نے عسکریت پسند تنظیم جموں و کشمیر غزنوی فورس اور خالصتان ٹائیگر فورس کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔ اس کے ساتھ ہی دہشت گرد قرار دی جانے والی تنظیموں کی تعداد بڑھ کر 44 ہو گئی۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جمعہ کے روز جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے قومی سلامتی کو مستحکم کرنے اور دہشت گردی کی تمام صورتوں کو کچلنے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے وعدے کو پورا کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے وزیر داخلہ امیت شاہ کی رہنمائی میں آج ایک اور شخص اور دو تنظیموں کو دہشت گرد ؍ دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا گیا ہے۔ مودی حکومت نے جمعہ کے روز ہی خالصتان ٹائیگر فورس (کے ٹی ایف) کو بھی دہشت گرد تنظیم قرار دیا۔ جبکہ خالصتان نواز کارکن ہروندر سنگھ سندھو عرف رندا کو بھی دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون (یو اے پی اے) کے تحت دہشت گرد قرار دی جانے والی تنظیموں کی تعداد بڑھ کر 44 اور دہشت گرد افراد کی تعداد 55 ہو گئی ہے۔